آجر اور اجیر کے مابین خوشگوار تعلقات بے حد ضروری ہیں: ملک طاہر جاوید

آجر اور اجیر کے مابین خوشگوار تعلقات بے حد ضروری ہیں: ملک طاہر جاوید

لاہور(کامرس رپورٹر)صنعتی پیداواری صلاحیت بڑھانے برآمدات میں اضافہ اور بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر مقام بنانے کے لیے اندرون ملک صنعتوں کے لیے بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی کے ساتھ ساتھ آجر اور اجیر کے مابین خوشگوار تعلقات پیدا کرنا بے حد ضروری ہیں .ورکرز ایمپلائرز بائی لیٹرل کونسل آف پاکستان صنعتی اداروں کے اندرونی حالات میں خوشگواریت پیدا کرنے کے لیے شاندار کردار ادا کرنے میں مصروف ہے . کونسل کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے ٹاون شپ انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کے ایک گروپ سے گزشتہ روزگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آجر اور اجیر گاڑی کے دو پہیے ہیں جسے صنعت کہتے ہیں۔

. انہوں نے کہا کہ گاڑی کو کامیابی و خوش اسلوبی سے منزل تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں یکساں طور پر کام کرتے رہیں . کسی ایک میں کمزوری یا کھوٹ پیدا نہ ہو انہوں نے کہا کہ مالک سرمایہ لگاتا اور ورکر محنت اور صلاحیت لگاتا ہے پھر صنعت پیداوار دیتی ہے ۔کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنا وجود تسلیم کرانے او ر بر قرار رکھنے کے لیے ملکی اداروں کے اندرونی ماحول میں ہم آہنگی و یکسوئی ضروری ہے . انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں میں ورکر سمجھتا ہے کہ چیلینجز کا مقابلہ اور مشکلات کم کرنے کے لیے سخت محنت ضروری ہے اس لیے وہ محنت کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرتا . کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ویب کوپ کی جد و جہد کا مرکزی نقطہ یہ ہے کہ مالک اور ورکر کے مابین کشیدگی کا ماحول پیدا نہ ہو کیونکہ کشیدگی کے ماحول میں صنعتوں کی پیداواری صلاحیت پر شدید منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں . ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ مختلف صنعتی و کاروباری اداروں کے ورکرز کے نمائیندے کونسل کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور طریقے سے مدد کر رہے ہیں . وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کونسل کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے والے ورکرز کے اداروں کی تعداد بڑھ رہی ہے . ویب کوپ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف پنجاب میں انفرا سٹرکچر خوب سے خوب تر بنانے کے لیے قابل ستائش جد و جہد کر رہے ہیں . انہوں نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہے جونہی بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرنے میں حکومت کامیاب ہو گئی ویب کوپ کی کوششیں صحیح طور پر رنگ لائیں گی ۔ اس موقع پر ویب کوپ کے وائس چیئرمین چوہدری نسیم اقبال اور سیکریٹری جنرل چوہدری محمد یعقوب بھی موجود تھے ۔

مزید : کامرس