یوفون کی جانب سے چترال کے سیلاب متاثرین کی امداد کا اعلان
لاہور(پ ر) ٹیلی کام آپریٹر یوفون نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) کے ساتھ عید الاضحی کے موقع پر چترال میں لاکھوں سیلاب متاثرین کو راشن پہنچانے کے لئے تعاون کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لوگوں کی مدد کے تصور کے تناظر میں یوفون نے ایک ہزار خاندانوں کے لئے ایک ہفتہ کاراشن پی آر سی ایس کے حوالے کیا ۔ اس ضمن میں پی آر سی ایس کی جانب سے فوری توجہ کے متلاشی شعبوں کی نشاندہی میں مدد فراہم کی گئی ۔ پی آر سی ایس چترال کے علاقوں بمبوریت، رمبور، ریشن ، مل کہو، ارغچ ، دوم ، شغور، گرم چشمہ، زیتور ، دروش، بریپ میں یہ راشن تقسیم کرے گا۔ اس حوالے سے یوفون کے سی ایس آر اینڈ پی آر ہیڈ عامر پاشا نے کہا کہ یوفون نے پی آر سی ایس کے ساتھ یہ اقدام اٹھایا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لئے راشن فراہم کیا جائے اور عید الاضحی کے موقع پر انہیں اکیلا نہ چھوڑا جائے۔ اس اقدام کے بارے میں پی آر سی ایس کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ یہ ایک افسوسناک صورتحال ہے اور حالیہ تباہ کن سیلابوں کے باعث بہت سے لوگوں کی آمدن کا ذریعہ ختم ہوگیا ہے۔ یہ اقدام وقت کا تقاضہ ہے اور ہم اس حوالے سے یوفون کی کاوشوں کو بھرپور طور پر سراہتے ہیں۔
اس اقدام کے ذریعے نہ صرف سیلاب متاثرین کی بروقت امداد ہوگی بلکہ عید کے موقع ان کے چہروں پر مسکراہٹ بھی ہوگی۔ یوفون کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے راشن کی کنسائمنٹ پی آر سی ایس کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران حوالے کی گئی ۔ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف متاثرین کو فوری امداد مہیا ہوگی بلکہ عید کے موقع پر چترال کے شہریوں میں ملک کے دیگر شہریوں کی برابری کا احساس بھی اجاگر ہوگا۔