چینی کمپنی نے سستا اور معیاری ماحول دوست سیمنٹ متعارف کروادیا

چینی کمپنی نے سستا اور معیاری ماحول دوست سیمنٹ متعارف کروادیا

اسلا م آباد(اے این این)چین کی شنڈونگ کائفا کنسٹرکشن مٹیریل ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ایک وفد نے دورہ پاکستان کے موقع پر ایک جدید قسم کا ماحول دوست سیمنٹ متعارف کروادیا ۔وفد کا استقبال صدر پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہ فیصل آفریدی نے کیا ۔شاہ فیصل آفریدی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان ماحول دوست سیمنٹ انڈسٹری کے قیام کیلئے تعاون کے وسیع مواقع ہیں ۔انہوں نے کہاکہ رواں برس سیمنٹ کی فروخت میں 50فیصد اضافہ ہوا لیکن پاکستان سیمنٹ انڈسٹری میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا شدید فقدان ہے جس پر چینی حکومت کے تعاون سے قابو پایا جاسکتاہے ۔چینی وفد کے سربراہ ژھانگ شی لی نے کہاکہ سیمنٹ کی تیاری کے دوران ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنا چینی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وفد نے اس موقع پر کیمیائی تبدیلیوں کے ذریعے ماحول دوست سیمنٹ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ یہ چینی سیمنٹ سب سے زیادہ مضبوط اور ماحول دوست ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس سیمنٹ کو بڑے ڈیموں ، پلوں کی تعمیر سمیت مختلف میگا منصوبوں میں استعمال کیا جاسکتاہے ۔ورلڈسیمنٹ کی رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی یانتائی باؤ قیاؤ جنہونگ 350ملین ڈالر کی لاگت سے جدید اور ماحول دوست چینی ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب میں سیمنٹ کی تیاری کا ایک پلانٹ تعمیر کرے گی ۔

مزید : کامرس