غیر ملکی سفارتکار پاکستان کی تجارت بڑھانے میں کرداراداکریں

غیر ملکی سفارتکار پاکستان کی تجارت بڑھانے میں کرداراداکریں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) غیر ملکی سفارتکار پاکستان اور غیر ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے تعاون کریں جس سے پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے چیمبر کی طرف سے غیر ملکی سفارتکاروں کے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیے میں جاپان، جرمنی، سپین، ملائشیا، جنوبی افریکہ، رومانیہ، متحدہ عرب امارات، سویڈن، چین، ایران، جارڈن، ماریشس، ارجنٹائن، ہنگری، نیدرلینڈ، پولینڈ، قزاکستان، آزربائیجان، قرغستان، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، نائجیریا اور کینیاسمیت دیگر ممالک کے سفارتکاروں اور نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستان میں یونیڈو کے نمائندے عصام القرراہ اور سرینہ ہوٹل کے چیف ایگزیکٹو عزیز بولانی بھی تقریب میں موجود تھے۔مزمل صابری نے کہا کہ توانائی، انفراسٹریکچر کی ترقی، تیل و گیس اور معدنیات کی تلاش سمیت پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے جائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں لہذا غیر ملکی سفارتکار پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوششوں میں تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر غیر ملکی سفارتخانوں کے ساتھ مزید بہتر تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرے گا۔
تا کہ پاکستان کی تاجر برادری کو دوسرے ممالک میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین عبدالرؤف عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری مشکل حالات میں کاروبار کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے لہذا حالات کا تقاضا یہ ہے کہ غیر ملکی سفارتخانے انٹرنیشنل مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کرنے کیلئے پاکستان کے نجی شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ چند غیر ملکی میڈیا چینل پاکستان کے بارے میں غلط تاثر پیش کر رہے ہیں لہذا غیر ملکی سفارتکار دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر نے اپنے خطاب میں سفارتکاروں کو تقریب میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسی تقریبات تاجربرادری اور سفارتکار برادری کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گی۔سفارتکاروں کی طرف سے فلسطین کے سفیر جناب ولید ابو علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفارتکاروں کیلئے پاکستان کے ہر چیمبر آف کامرس کا دورہ کرنا مشکل ہے تاہم ایسی تقریبات سفیروں کو ایک اچھا موقع فراہم کرتی ہیں کہ وہ تاجر برادری کے ساتھ براہ راست ملاقات کر کے مشترکہ تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ملکی اور غیر ملکی میڈیا بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ افزائی کرے۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے سفراء کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی تقریبات پاکستان کا امیج بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

مزید :

کامرس -