چوہدری محمد نواز فیصل آباد چیمبر کے نئے صدر منتخب
فیصل آباد (بیورورپورٹ) چوہدری محمد نواز 2015-16 کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ فیصل آباد چیمبر کے الیکشن کمیشن کی اطلاع کے مطابق آج فیصل آباد چیمبر کے صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے صرف ایک ایک کاغذ ہی داخل کیا گیا لہٰذا ان تینوں امیدواروں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دے دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے سینئر رکن شاہد احمد شیخ نے بتایا کہ صدر کے عہدہ کیلئے ایسوسی ایٹ کلاس کے چوہدری محمد نوازآف احمد نواز ویونگ فیکٹری، سینئر نائب صدر کیلئے کارپوریٹ کلاس کے سید ضیاء علمدار حسین آف فیشن اینڈ ٹرینڈز اور نائب صدر کیلئے جمیل احمد آف پرفیکٹ ہوم ٹیکس نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے تھے۔
ان کاغذات کو جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دے دیا گیا ۔ مزید برآں چونکہ ان عہدوں کیلئے ایک ایک ہی کاغذ نامزدگی داخل کرایا گیا تھا اس لئے ان تمام کو غیر حتمی اور غیر سرکاری طور پر بلا مقابلہ کامیاب قراردے دیا گیا۔ شاہد احمد شیخ نے بتایا کہ ان کی کامیابی کا باضابطہ اور سرکاری اعلان 30 ستمبر 2015 کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ اجلاس عام میں کیا جائیگا۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے موقع پر الیکشن کمیشن کے دیگر دو ارکان چوہدری محمد بوٹا اور میاں محمد سلیم بھی موجود تھے۔