علماء کونسل18ستمبر کو اسرائیلی جارحیت کے خلافیوم مذمت منائے گی

علماء کونسل18ستمبر کو اسرائیلی جارحیت کے خلافیوم مذمت منائے گی

لاہور(نمائندہ خصوصی)مقبوضہ بیت المقدس کی اسرائیلی فوج کی طرف سے بے حرمتی نے پوری دنیا کے امن پسند انسانوں کے دلوں کو زخمی کیا ہے امت مسلمہ کے اختلافات کی وجہ سے آج پورا عالم اسلام لہو لہو ہے 18ستمبر کو ملک بھر میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف یوم مذمت منایا جائے گا یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وفاق المساجد پاکستان کے مرکزی قائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی قیادت کی کمزوریوں کی وجہ سے عالم اسلام تباہ ہورہا ہے مسلمانوں کی سیاسی و مذہبی قیادت کو ان اسباب پر غور کرنا ہوگا جن کی وجہ سے مسلمانوں کیلئے مصائب اور مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شام میں روسی فوج کی مداخلت سے پورا عالم آگ کی لپیٹ میں آجائے گاروس کی قیادت اپنے اس فیصلے پر غور کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دن سے اسرائیلی فوج مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کررہی ہے ۔او،آئی ،سی کو اس پر آواز بلند کرنی چاہئے اور حکومت پاکستان کو بھی اس وحشیانہ اور سفاکانہ قدم پر اپنا بھر پور کرداراداکرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ 18ستمبر کو ملک بھر میں ’’لبیک یا اقصیٰ ‘‘کے عنوان سے اجتماعات ہوں اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف بھر پور یوم مذمت منایا جائے گااور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے تحت 76ہزار سے زائد مساجد میں مذمتی قرار دادیں پاس کی جائیں گی اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اس موقع پر مولانا ایوب صفدر،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا اسلام الدین ،مولانا اسلم قادری،قاری عبد القیوم ،مولانا حافظ محمد امجد،مولانامحمد ناصر،بھی موجود تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1