بلدیاتی امیدواروں کیلئے سرکاری وسائل کا استعمال قابل مذمت ہے،اعجاز ہاشمی
لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخا با ت میں شفافیت کا ہونا ضروری ہے سندھ اور پنجاب کی برسر اقتدار جماعتوں کی طرف سے اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم کے لئے سرکاری وسائل کا استعمال افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ ایک بیان میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ الیکشن کمشن بلدیاتی انتخابات میں اپنی خود مختاری اور حکومت کی عدم مداخلت کو یقینی بنائے ورنہ اپنی رہی سہی ساکھ کو بھی تباہ کرلے گا انہوں نے کہا کہ قوانین عملد رآمد کروانے کے لئے بنائے جاتے ہیں اس کے لئے ریاستی ادارے اپنا کردار ادا کریں ورنہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن پر تنقید ہوگی تو بہتر ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کو صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لئے تمام وسائل استعمال کرے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بھی حکومتی جماعتوں کی بلدیاتی انتخابات میں مداخلت کو رکوانے کے لئے از خود نوٹس لے تاکہ بلدیاتی انتخابات میں صحیح عوامی نمائندہ مقامی حکومتیں قائم ہوسکیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ( ن) سمیت جمعیت علما پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کسی بھی جماعت سے ہوسکتی ہے چار جماعتی اتحا دکا اجلاس جلد طلب کرکے ایڈجسٹمٹ کا عمل مکمل کریں گے کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں ہوا جماعتیں اپنے اپنے انتخابی نشان پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔