چیئرمین ڈرگ کورٹ کارپورٹس اور چالان پیش نہ کرنیکا سخت نوٹس ،انسپکٹر کی سرزنش

چیئرمین ڈرگ کورٹ کارپورٹس اور چالان پیش نہ کرنیکا سخت نوٹس ،انسپکٹر کی سرزنش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر) ڈرگ کورٹ کے چیئر مین جہانگیر چوہدری نے حقائق چھپانے ،رپورٹس اورچالان پیش نہ کرنے کا سخت نوٹس لیا۔داتا گنج بخش ٹاؤن کے ڈرگ انسپکٹر میاں جمیل کی سخت الفاظ میں سرزنش کی ،جبکہ ڈرگ انسپکٹر شوکت وہاب کی طرف سے چالان اورڈی ٹی ایل کی رپورٹ پیش نہ کرنے پر انہیں سمن جاری کر دیا اورسرکاری وکیل کوحکم دیا کہ 22ستمبر کو انہیں ہر حال میں پیش کیا جائے۔گزشتہ روز سروسز ہسپتال کے سامنے واقع انڈر پاس پر سیل کیے گئے صغیر میڈیکل سٹور کو ڈی سیل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی ۔اس موقع پر پیشنٹ پروٹیکشن کونسل کے چئیرمین حاجی غلام حسین منہاس عدالت میں پیش ہوئے اورانہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم مریضوں کے تحفظ ،جعلی ادویات کے خاتمے اورعطائیت کے خلاف کام کرتی ہے۔میں کچھ کہنا چاہتا ہوں ،جس پر معزز عدالت نے انہیں اجازت دے دی ۔جس پر شہری نے کہا کہ صغیر میڈیکل سٹور کو ڈرگ انسپکٹروں نے جونہی سیل کیا ہے اورجہاں سے ہر بار نشہ آور ،سمگل شدہ اورسرکاری ہسپتالوں سے چوری شدہ ادویات بر آمد ہوتی ہیں۔اورہر بار اسی صغیر میڈیکل سٹور کے مالک سز اسے بچ نکلتے ہیں۔انہیں ڈی سیل کیا گیا تو یہ پھر نشہ آور ادویات فروخت کر کے قوم کے نوجوانوں کی زندگیاں تباہ کرنے کا باعث بنیں گے۔جس پر ڈرگ کورٹ کے جج جہا نگیر چوہدری نے موقع پر موجود ڈرگ انسپکٹر جمیل سے استفسار کیا کہ کیا صغیر میڈیکل سٹور پہلے بھی سیل ہواتو ڈرگ انسپکٹر نے ہاں میں جواب دیا ۔جس پر ڈرگ کورٹ نے ڈرگ انسپکٹر کی سخت الفاظ میں سرزنش کی اورکہا کہ عدالت کو خواب آنا ہے کہ یہ سٹور چار مرتبہ سیل ہوا ہے ۔جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تمام سب انسپکٹر چوروں سے ملے ہوئے ہو،کیس کی فائل پر کیوں نہیں لکھا کہ یہ عادی مجرم ہیں اورچار مرتبہ پہلے بھی سیل ہو چکا ہے۔جس پر ڈرگ انسپکٹر نے کہا کہ غلطی ہو گئی ،آئندہ نہیں ہو گی ۔جس پر عدالت نے صغیر میڈیکل سٹور کا ریکارڈ 21ستمبر کو طلب کر لیا۔