زرعی ترقیاتی بینک میں 17کروڑ کے کرپشن سکینڈل میں سزا یافتہ 3 مجرموں کو20 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم

زرعی ترقیاتی بینک میں 17کروڑ کے کرپشن سکینڈل میں سزا یافتہ 3 مجرموں کو20 اکتوبر ...

لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ نے زرعی ترقیاتی بینک میں 17کروڑ کے کرپشن سکینڈل میں سزا یافتہ 3 مجرموں کو20 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا،مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے مجرم احمد علی کھوسہ، خالد محمود، مجتبیٰ اور عظیم مزاری کی اپیلوں پر سماعت کی، مجرموں کے وکلا ء نے موقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت نے ٹھوس شواہد کے بغیر ہی چاروں مجرموں کو سزا سنا دی ، نیب کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے مگر اس کے باوجود انہیں سزا سنائی گئی، نیب کی طرف سے سینئر سپیشل پراسکیوٹر محمد فرہاد ترمذی نے بنچ کو بتایاکہ زرعی ترقیاتی بینک میں سترہ کروڑ روپے کا فراڈ ہوا تھا، بینک کی طرف سے پیش کردہ شواہدکی بنیاد پر ہی تمام مجرموں کو سزا سنائی گئی، ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے مجرموں کی سزائیں عبوری طور پر معطل کیں ، سزائیں معطل ہونے کے بعد احمد علی کھوسہ سمیت یہ مجرم اب عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، فاضل بنچ نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد مجرموں خالد محمود ، مجتبیٰ اور عظیم مزاری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20اکتوبر کو طلب کر لیاہے۔

مزید : صفحہ آخر