پوپ فرانسس کی امریکہ آمد پر حملے کا منصوبہ نا کام

پوپ فرانسس کی امریکہ آمد پر حملے کا منصوبہ نا کام

واشنگٹن( اظہر زمان، بیورو چیف) پوپ فرانس کی امریکہ آمد پر ان پر حملے کا ایک منصویہ نا کام بنا دیا گیا ہے۔ پوپ کا 22 ستمبر کو امریکہ چھ روزہ دورے پر واشنگٹن پہنچنے کا پروگرام ہے جس دوران وہ نیویارک اور فلاڈلفیا بھی جائیں گے۔ ایف بی آئی نے فلاڈلفیا کے قریب ایک پندرہ سالہ دہشت گردگرفتار کیا ہے جو ان کی اطلاع کے مطابق پوپ کی فلاڈلفیا آمد کے موقع پر ان پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ ایف بی آئی کے ذرائع نے ملزم کا مزید تعارف نہیں کرایا۔ تاہم بتایا ہے کہ وہ داعش سے متاثر ہے۔ ایف بی آئی اس وقت یہ تفتیش کر رہی ہے کہ یہ ملزم داعش کی ہمدردی میں اپنے طور پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا یا اسے اس منصوبے پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس دوران ایوان نمائندگان کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین مائیکل میکال نے بتایا ہے پوپ پر حملے کے منصوبے کو ناکام بنانے کی سیکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوپ فرانس کی امریکہ آمد پر سیکیورٹی خدشات اس لئے بھی زیادہ ہیں کہ وہ سیکیورٹی حصار سے نکل کر عوام میں گھل مل جانے کے عادی ہیں۔

مزید : صفحہ آخر