نریندر مودی کے ریڈیو پروگرام ”من کی بات“ پر پابندی کیلئے کانگریس کا مطالبہ،بھارتی الیکشن کمیشن نے جواب دیدیا
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ریڈیو پروگرام ”من کی بات“ پر پابندی کا سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کامطالبہ مسترد کر دیا۔بھارتی اخبار ”دی ہندو “میں شائع خبر کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینئر حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پروگرام کے کسی حصے کا ضابطہ اخلاق کے خلاف ہونے پرہی ایسے کسی مطالبے کانوٹس لے سکتے ہیں ۔خبریں ہیں کہ کانگریس وزیر اعظم کے ریڈیو پروگرام کے بہار میں اسمبلی انتخابات کے لئے استعمال ہونے کا الزام لگا کر الیکشن انتظامیہ سے رجوع کرنے والی ہے ۔ تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے پروگرام سے متعلق کانگریس یا کسی اور جماعت کے مطالبے کا علم نہیں ۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا اگلا ریڈیو پروگرام 20ستمبر کو اتوار کے روز نشر ہو گا ۔