ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ میں بولڈ مناظر کی عکس بندی کے حوالے سے شہرت رکھنے والے اداکار عمران ہاشمی ملیریا کا شکار ہوگئے جس کے باعث انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم کی تشہیری مہم سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔بالی ووڈ فلموں کی تشہیری مہم کو فلم کی کامیابی کیلئے اہم تصور کیا جاتا ہے اور بالی ووڈ اسٹار عمران ہاشمی کی فلم ’’راز ریبوٹ‘‘ کی تشہیری مہم جاری ہے جس میں فلم کی کاسٹ اورکریوشامل ہے تاہم فلم کی تشہیر مہم کے دوران اداکارعمران ہاشمی بیمار پڑ گئے ہیں۔عمران ہاشمی اپنی نئی آنے والی فلم ’’راز ریبوٹ‘‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں جے پور میں موجود تھے جہاں انہیں شدید بخار کی شکایت ہوئی جس پر انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ٹیسٹ کے بعد ملیریا کی تشخیص ہوئی ہے جس پر ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کو اپنی فلم کی تشہیر کیلئے نئی دہلی روانہ ہونا تھا جس پر انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کرتے ہوئے ممبئی کی راہ لے لی ۔واضح رہے کہ فلم ’’راز ریبوٹ‘‘ 16 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔