شوبز میں لومیرج کا رجحان بہت زیادہ کامیابی کا تناسب تیس فیصد سے بھی کم
لاہور(فلم رپورٹر)شادی ایک خوبصورت بندھن ہے جس کا سپنا ہر انسان دیکھتا ہے کیونکہ یہ نہایت اہم مذہبی اور معاشرتی فریضہ بھی ہے ۔ہر انسان کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ جس جیون ساتھی کا انتخاب کرے ساری زندگی اسی کے ساتھ گزارے اسی لئے شادی سے پہلے ہرکسی کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے لئے بہترین ساتھی کا انتخاب کرے تاکہ اس کی بقیہ زندگی اچھے طریقے سے گزرے۔ ویسے تو یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ارینج میرج زیادہ کامیاب رہتی ہیں لیکن اس کے باوجود اکثر لوگوں کی یہ بھی کوشش ہوتی ہے کہ وہ لومیرج کریں کیونکہ بیشتر لوگوں کا اس بات پر یقین ہے کہ لومیرج زیادہ کامیاب ہوتی ہے ۔بہرحال لومیرج ہو یا ارینج،خوش قسمت انسان اسی کوسمجھا جاتا ہے جس کی شادی کامیاب رہے اور وہ عمر بھر ایک دوسرے کے ساتھ رہیں۔ لیکن شوبز کی دنیا میں کچھ الٹا ہی ہوتا ہے خاص طور پر پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اکثر لوگوں نے لومیرج کی کیونکہ ایک ساتھ کام کرتے ہوئے ان لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے جبکہ بہت سے لوگ آئیڈیل بھی بنالیتے ہیں اور ان کی اولین کوشش یہی ہوتی کہ صرف آئیڈیل کو ہی جیون ساتھی بنایا جائے۔پاکستان میں اگرچہ شوبز کی دنیا میں لومیرج کا رجحان بہت زیادہ ہے لیکن اس کا قابل افسوس پہلو یہ بھی ہے ایسی شادیوں کی کامیابی کا تناسب تیس فیصد سے بھی کم ہے ۔اکثر یہی دیکھا گیا پہلے لوگ ایک دوسرے میں محبت میں اندھے ہوکر جلدبازی میں شادی کا فیصلہ کرلیتے ہیں لیکن چندسال گزرنے کے بعد انہیں اپنی جیون ساتھی میں بہت سی برائیاں نظرآنے لگتی ہیں اور یوں وہ لوگ جو کل تک ایک دوسرے کے بغیر سانس بھی لینا گوارہ نہیں بہت دور ہوجاتے ہیں جہاں سے واپسی بھی ممکن نہیں ہوتی۔اگرپاکستان میں شوبز کی دنیا میں نظردوڑائی جائے ایسی سینکڑوں مثالیں ملتی ہیں جہاں بہت سے لوگوں نے محبت کی شادیاں تو کیں لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکیں اور انہیں بری طرح ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔فلم انڈسٹری کے ایسے بہت سے نام ہیں جو اگرچہ اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن ان میں سے اکثریت کی شادی کامیاب نہیں ہوسکی۔اداکارہ بہار بیگم،نغمہ، کی ایک ایک شادی ناکام ہوئی۔ہدایتکارہ سنگیتا کی دو شادیاں ناکام ہوئیں ،نشو کی انعام ربانی سے شادی ناکام ہوئی،شکیلہ قریشی اور عمرشریف کی شادی بری طرح ناکام ہوئی،اداکار شاہداور زمرد کی شادی ناکام ہوئی،چکوری کی دوشادیاں ناکام رہیں،زیبا بیگم کی پہلی شادی بھی ناکام رہی،اداکارہ بندیا نے اسد نزیر سے شادی کی جو چند سال ہی قائم رہ سکی،اسی طرح اداکارہ سونیاخان اور بابر کی لومیرج بھی چندسال بعد ختم ہوگئی، اداکار فیصل قریشی کی پہلی شادی بھی ناکام ہوئی،ماضی کی معروف اداکارہ عالیہ بیگم کی تین شادیاں ناکام ہوئیں،اداکارہ دردانہ نے چار شادیاں کیں جو ساری ناکام رہیں،عدنان سمیع خان اور زیبابختیار کی لو میرج کا انجام بھی ناکامی کی صورت میں ہوا،اداکار نعمان مسعوداور عروج ناصر کی شادی بھی جلد ختم ہوگئی تھی،صبا پرویز کی پہلی شادی بھی ناکام ہوئی،اقبال حسین اور فرح حسین کی شادی بھی چندسال ہی چل سکی، نادیہ افگن کی پہلی شادی بھی ناکامی سے دوچار ہوئی،اداکارہ نور کی تین شادیاں ناکام ہوئیں جبکہ ان کی چھوٹی بہن فاریہ کی پہلی شادی بھی کامیاب نہ ہوسکی،اداکارہ صوفیہ احمداور سہیل سمیر کی لومیرج کا اختتام بھی طلاق کی صورت میں سامنے آیا۔اداکارہ نوین وقار نے ڈائریکٹر اظفرعلی سے شادی جو کچھ عرصے بعد ختم ہوگئی،کراچی سے تعلق رکھنے والی معروف ماڈل اور اداکارہ شیری،ثروت گیلانی،اورجویریہ عباسی کی شادیاں بھی ناکامی سے دوچار ہوئیں۔ اداکارہ نرگس کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی،گلوکار ہ فریحہ پرویز کی دوشادیاں ناکامی سے دوچار ہوئیں جبکہ اب انہوں نے نعمان جاویدخلاف بھی خلع کا دعویٰ دائر کیا ہوا ہے۔ناکام شادیوں کی لسٹ اگرچہ بہت طویل ہے جس میں بہت سے پردہ داروں کے نام بھی آتے ہیں لیکن اب اس لسٹ میں دوناموں کا اضافہ اور ہوگیا ہے جو احمد بٹ اور حمیراارشد کا ہے جنہوں نے2004میں نہایت دھوم دھام سے شادی کی تھی ،دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے لیکن پانچ سال سے ان کے درمیان اختلافات چلے آرہے تھے جو سال رواں میں شدت اختیار کرگئے اور دونوں نے دو ہفتہ قبل راستے جدا کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد احمد بٹ نے پہلی طلاق دے دی۔تھیٹر سے تعلق رکھنے والے بہت سے فنکاروں نے بھی لومیرج کی جن میں سے اکثرکوناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔اس بارے میں شوبز کے سینئرفنکاروں کا کہنا ہے کہ شادی اہم اور مقدس فریضہ ہے جس کا فیصلہ جلد بازی کی بجائے نہایت سوچ سمجھ کرکرنا چاہیئے لیکن ہمارے ہاں اکثر لوگ جلد بازی اور جذبات میں آکر فیصلہ کرتے ہیں جو بعدازاں غلط ثابت ہوجاتے ہیں اور یوں جلد بازی میں کئے گئے ایسے فیصلوں کی وجہ سے ساری زندگی پچھتانا پڑتا ہے۔اس بارے میں ایک سینئراداکارہ کا کہنا ہے کہ شادی کا فیصلہ دل سے نہیں بلکہ دماغ سے کرنا چاہیئے لیکن ہمارے ہاں سب الٹا ہوتا ہے اور شاید وجہ ہے آئے ورز ہمیں کسی نہ کسی کی ناکام شادی بارے سننا پڑتا ہے ۔ جب کسی کی شادی ناکام ہوجاتی ہے توا س پر سوائے افسوس کے کچھ اور نہیں کیا جاسکتا لہذہ ایسے فیصلے پہلے ہی سوچ سمجھ کرکرنے چاہیءں تاکہ بعد میں پچھتاوانہ ہو۔