فرنچ ہارر فلم کو دیکھتے ہوئے متعدد افراد بے ہوش ٗہسپتال منتقل
ٹورنٹو (این این آئی)ٹورنٹو میں جاری انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ٹی آئی ایف ایف) کے دوران ایک ہارر ٹائپ فلم را کی اسکریننگ کے دوران متعدد ناظرین بے ہوش ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ فلم فیسٹیول میں فرانسیسی زبان کی فلم کی اسکریننگ کے دوران پیش آیا جس میں دکھائے جانے والے مناظر ناظرین کیلئے کچھ زیادہ ہی خوفناک ثابت ہوئے۔متعدد ناظرین کے بے ہوش ہونے پر طبی عملے کو وہاں طلب کرکے انہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ وہاں موجود دیگر افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔فلم فیسٹیول کے مارکیٹنگ منیجر ریان وارنر نے بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ایک ایمبولینس کو اس وقت طلب کیا گیا جب فلم دیکھتے ہوئے کئی افراد بے ہوش ہوگئے۔یہ فلم ڈائریکٹر جولی ڈیوکورناؤ کی پہلی کاوش ہے جس میں ایک سبزی خور ویٹرنری طالبہ کو دکھایا گیا جو بتدریج آدم خوری کرنے لگتی ہے۔فلم کی اسکریننگ رات گئے ہوئی اور ڈائریکٹر کا اس سے پہلے کہنا تھا کہ وہ ناظرین کے ردعمل کے بارے میں سننے کیلئے پرجوش ہیں۔یاد رہے کہ اکثر ہارر فلموں کے ساتھ اس قسم کے واقعات جڑ جاتے ہیں جیسے رواں سال جون میں ہولی وڈ فلم دی کونجیورنگ 2 کو سینما میں دیکھتے ہوئے ایک شخص ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگیا۔یہ واقعہ انڈین ریاست تامل ناڈو کے قصبے ترونامالائی میں پیش آیا جہاں کے ایک سینما میں فلم کے اختتام کے قریب 65 سالہ شخص کو سینے میں درد اٹھا ۔ شخص کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ وہاں چل بسا۔