حکمرانوں نے جمہوریت کی آڑ میں بادشاہت قائم کررکھی ہے، اعجاز احمد چودھری

حکمرانوں نے جمہوریت کی آڑ میں بادشاہت قائم کررکھی ہے، اعجاز احمد چودھری

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چوہدری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ نواز شریف نے جمہوریت کی آڑ میں بادشاہت قائم کی ہے ،جمہوریت کا نا م صرف الیکشن نہیں بلکہ جمہوریت کا مطلب ملک میں قانون کی حکمرانی ،گڈ گورنس اورصاف شفاف اور غیر جانب دار احتساب کا نظام ہے ملک میں جمہوریت ، انصاف اور حکومت دور بین سے بھی نظر نہیں آرہی ، انہوں نے کہا کہ پاناما ڈاکہ کا کھرا رائیونڈ کو جاتا ہے نواز شریف کا نام فوری ای سی ایل میں ڈالا جائے کابینہ کے وزیر عابد شیر علی کی دھمکی حکومتی پالیسی تصور کی جاتی ہے ،حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے ، نواز شریف اور انکے حواری ملک میں افرا تفری پیدا کر نا چاہتے ہیں مودی کے چمچوں کا احتساب ہو کر رہے گا جتنا وہ مرضی بدمعاشی اور غنڈہ گردی کر لے وہ پاناما لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن سے جان نہیں چھڑا سکتے ، انہوں نے کہا کہ رائیونڈ مارچ کے اعلان سے شریف خاندان اور انکے حواریوں کی رات کی نیندیں حرام ہو چکی ہے ،رائیونڈ مارچ نواز شریف کے اقتدار کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ، انہوں نے کہا کہ عیدکے موقع پر پنجاب حکومت اور انتظامیہ کے شہر کو صاف رکھنے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ، شہرمیں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر پنجاب حکومت اور انتظامیہ کی نا اہلی کا کھلا ثبوت ہے ، انتظامیہ لمبی تان کر سوئی ہوئی تھی عوام کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے دار حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے ،عید کے دنوں میں عوام کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنا پڑا ، انہوں نے کہا کہ ملتان ٹرین حادثہ ریلوے انتظامیہ کی بد انتظامی کی نا اہلی کا بد ترین واقعہ ہے ، ریلوے کے وزیر بڑھکیں لگانے کے بجائے ریلوے کی حالت بہتر کرنے پر توجہ دیں ،ریلوے کے ادارے کو تباہ کر دیا گیا ، ریلوے کے وزیر مال بنانے سے فرصت نہیں،ملتان ٹرین حادثے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں پی ٹی آئی برابر کی شریک ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -