پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا، پرویز ملک
لاہور(خبرنگار) مسلم لیگ(ن) لاہورکے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ہماری حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور پاکستان کو معاشی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کے لئے پر عزم ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا مخالفین کی ناپاک سازش کے ذریعے اسے کسی صورت متنازع نہیں ہونے دیا جائے گا جو لوگ ایسا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں وہ محب وطن نہیں بلکہ عوام اور ملک دشمن ہیں،پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو ہر فورم پر اٹھایا جا رہا ہے کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عید ملنے کے لئے آئے ہوئے چیئرمینوں،کونسلرز اورکارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔محمد پرویزملک اور خواجہ عمران نے مزید کہا کہ پاک چین سی پیک منصوبہ ’’گیم چینجر‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے،اس سے پاکستانی معیشت میں انقلاب آ جائے گا،انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری ضرب عضب اپریشن سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔وہ وقت دور نہیں جب پاکستان مکمل طور پر امن کا گہوار ہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے خلاف عالمی فورم اور سفارتی سطح پرآواز اٹھائے گااور وفود کو دنیا بھرمیں بھیج کر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جارہا ہے۔