پنجاب کا 50فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ ہونے کے باوجود شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں

پنجاب کا 50فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ ہونے کے باوجود شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کا 50فیصد ترقیاتی بجٹ لاہور میں خرچ ہونے کے باوجود شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ،تعلیم ،صحت اور ہر شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے گذشتہ 3برسوں میں حکومت کوئی ایک نیا ہسپتال ،سکول و کالج یا فلاحی منصوبہ نہیں بنا سکی لاہور شہر کے تعلیمی اداروں کی حالت زار کسی دور افتادہ علاقے سے بہتر نہیں عبدالعلیم خان نے عید الالضحیٰ کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جیسے بڑے شہر کے ہسپتال کسی افریقی ملک کی منظر کشی کرتے ہیں ایمرجنسی سمیت مریضوں کو زمین پر لٹا کر علاج کیا جا تا ہے اور پی آئی سی جیسے ادارے کی توسیع کیلئے بھی بزنس مینوں کو چندہ اکٹھا کرنا پڑا ہے حکومت کی تمام تر توجہ بڑی کمیشن والے چند منصوبوں میں ہے اور لاہو رکے علاوہ دیگر شہروں میں بھی بڑے بڑے پلوں ، سڑکوں اور اورنج لائن ٹرین جیسے سفید ہاتھی والے منصوبوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے جس کا مقصد سستی شہرت اور بھاری کمیشن حاصل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں کی طرف سے واضح فیصلے آنے کے باوجود اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں پر حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس سے لاہور شہر کھنڈر بن چکا ہے ۔دریں اثناء عبدالعلیم خان نے عیدالا لضحیٰ کے اگلے روز این اے122کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں ایم پی اے شعیب صدیقی کی سربراہی میں پارٹی کارکنوں کے وفود سے ملاقاتیں ہوئیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ عید کے موقع پر بھی حکومت نے عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف دی ہے شہر بھر میں گندگی اٹھانے کے دعوے حقیقت نہیں بن سکے جبکہ حکمران صرف بیانات جاری کرنے اور نوٹس لینے تک محدود رہے عبدالعلیم خان نے ملتان میں دوبارہ جھولا گرنے کو حکومتی غفلت قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا انہوں نے عوام ایکسپریس کے حادثے میں بھی جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کی ۔