ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت نظرثانی کمیٹی کا خصوصی اجلاس
لاہور(خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبے میں سپیشل ایجوکیشن کے تمام اداروں میں تدریسی سٹاف اور تکنیکی ماہرین کی بھرتی ، ترقیوں اورنئے سپیشل ایجوکیشن سکولزاور کالجز کے قیام کے حوالے سے متعینہ معیار (Yard Stick)کو زمینی حقائق سے ہم آہنگ کرنے کے سلسلے میں خصوصی نظرثانی کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں منعقد ہو اجلاس میں صوبے میں موجودسپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں مزید سہولتوں کی فراہمی اورتدریسی سٹاف کی تعدادکے حوالے سے موجودہ تقاضوں کے مطابق مناسب تجاویز منظوری کے لئے وزیراعلی پنجاب کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب عنبرین رضا نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک باوثوق سروے کے مطابق پاکستان کی آبادی کا 2.49فیصدافراد معذوری میں مبتلا ہیں اور خصوصی افراد سے منسلک ہونے کی بنا پرجن افراد کے معمولات زندگی متاثر ہوتے ہیں ، ان کا تناسب مجموعی آبادی کا8فیصد بنتا ہے۔
پنجاب کی 10کروڑ آبادی میں ایک سال سے18سال عمر تک کے ایسے بچوں کی تعداد20لاکھ ہے جوکسی نہ کسی نوعیت کی جسمانی اور ذہنی معذوری میں مبتلا ہیں ۔ ان میں سے 10لاکھ بچے سکول جانے کی عمر کے ہیں یعنی ان کی عمر6سال سے لے کر16سال تک ہے۔ان خصوصی بچوں میں سے ایک لاکھ 60ہزار بچے شدید نوعیت کی معذوری کا شکار ہیں جبکہ 8لاکھ40ہزار خصوصی بچے قدرے کم شدیدنوعیت کی معذوری کا سامنا کررہے ہیں۔پنجاب میں 18سال سے زیادہ عمر کے معذور بالغ افراد کی تعداد اس کے علاوہ ہے ۔ حکومت پنجاب نے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے 256سپیشل ایجوکیشن ادارے قائم کئے ہوئے ہیں جن میں 34پرائمری سکول، 118مڈل سکول، 37ہائی سکول، 6ہائرسکینڈری سکول، 2ڈگری کالجزاور 3ٹریننگ انسٹیٹیوٹ شامل ہیں جہاں 30ہزار سے زیادہ خصوصی بچوں کو مفت تعلیم، مفت درسی کتابیں ، مفت یونیفارم، مفت بریل کتابیں اورگھر سے سکول آنے جانے کے لئے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے کے علاوہ ہر خصوصی بچے کو ہر ماہ 800روپے وظیفہ بھی دیا جارہا ہے۔ پنجاب کی ہر تحصیل کے صدر مقام پرسپیشل ایجوکیشن ، مڈل سکول کا قیام عمل میں آچکا ہے ۔ اجلاس میں تجویز کیا گیا کہ اب صوبے کی تمام سب تحصیلوں میں مرحلہ وار سپیشل ایجوکیشن مڈل سکولزقائم کئے جائیں۔ محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب میں گریڈ 16کے آڈیومیٹرسٹ کی 7نئی آسامیاں تخلیق کرنے کی تجویز بھی وزیراعلی پنجاب کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جن کی بنیادی تعلیم کم از کم بی ایس سی(آڈیومیٹری) ہوگی ۔ واضح رہے کہ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں 29آڈیومیٹرسٹ پہلے ہی تعینات ہیں۔ اجلاس میں سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے 2ڈگری کالجوں میں گریڈ 17کے آڈیالوجسٹ کی جگہ سائن لینگوئج میں ڈگری یافتہ لیکچررزبھرتی کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔اسی طرح ذہنی طور پر پسماندہ بچوں کے 9’’شاداب سکولوں ‘‘ میں شدیدنوعیت کی معذوری میں مبتلا بچوں کی دیکھ بھال کے لئے چار چار اٹینڈنٹس بھرتی کرنے کی تجویز بھی وزیراعلی پنجاب کو ارسال کی جارہی ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری ریگولیشن پنجاب ڈاکٹر صالح طاہر ،سیکرٹری آئی اینڈ سی فراست اقبال ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس عبدالصمد، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ایس اینڈ جی اے ڈی صاحبزادی وسیمہ عمر اور دیگرمتعلقہ سینئرافسران نے شرکت کی۔