پنجاب ،5روز میں 1245کومبنگ آپریشن ،1369افراد گرفتار ، اسلحہ بھی برآمد

پنجاب ،5روز میں 1245کومبنگ آپریشن ،1369افراد گرفتار ، اسلحہ بھی برآمد

  

 لاہور(وقائع نگار) پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہونے والے کومبنگ آپریشن میں پانچ روز میں 1369 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔پانچ روز کے اندر پنجاب میں ہونے والے 1245 کومبنگ آپریشنز کے نتیجے میں 1369 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب پنجاب پولیس نے 288 خطرناک اشتہاری مجرموں کو بھی حراست میں لے لیا۔عید کی چھٹیوں میں پنجاب کے 57 ہزار پولیس اہلکاروں اور افسران نے کومبنگ آپریشن کی ذمہ داری نبھائی جبکہ پچھلے پانچ روز کے دوران کومبنگ آپریشن میں 27ہزار 658 افراد سے پوچھ گچھ بھی کی۔صوبہ بھر میں آپریشن کے دوران 305 افراد سے خطرناک اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے پولیس اہلکاروں اور افسران کی بہترین کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویڑن میں 83 کومبنگ آپریشن میں 150 افراد گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ گوجرانوالہ ڈویڑن میں 90 کومبنگ آپریشن کے دوران89 افراد کو حراست میں لیا گیا۔راولپنڈی ڈویڑن میں بھی 135 کومبنگ آپریشن کیے گئے جن میں 105 افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ اسی طرح سرگودھا ڈویڑن میں 57 کومبنگ آپریشن میں 123 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔ فیصل آباد ڈویڑن میں 490 کومبنگ آپریشن کے نتیجے میں 662 افراد گرفتار ہوئے، ملتان ڈویڑن میں ہونے والے 62 کومبنگ آپریشن کے دوران 141افراد گرفتار، ساہیوال ڈویڑن میں 49 کومبنگ آپریشن ہوئے جن میں 33 افراد گرفتار کیے گئے۔ ڈی جی خان میں پنجاب پولیس نے 39 کومبنگ آپریشن کر کے 57 افراد کو گرفتار کیا اور بہاولنگر میں 208 کومبنگ آپریشن میں 45 افراد گرفتار ہوئے۔اس کے علاوہ رحیم یار خان، بہاولنگر، بہاولپور، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان سمیت 27 اضلاع سے 288 اشتہاری بھی گرفتار ہوئے۔

مزید :

علاقائی -