پنجاب بھر میں قربانی کے جانوروں کی الائشوں کے ڈھیر لگ گئے
لاہور (وقائع نگار) لاہور کے کئی علاقوں میں آلائشوں کے انبار لگ گئے۔ سڑکوں اور گھروں کے باہر آلائشوں کے تعفن سے لوگ بے حال ہو گئے۔ لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ ملتان میں بھی آلائشوں نے سب کو پریشان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں عید کے د وسرے روز بھی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کابندوبست نہ کیاجاسکا۔اقبال ٹاؤن، مصطفی ٹاؤن، گلشن راوی، مغل پورہ، ہربنس پورہ، گلبرگ، برکت مارکیٹ، گارڈن ٹاؤن سمیت شہر کے پوش علاقوں میں بھی آلائشیں تعفن پھیلا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کے بڑے بڑے دعوے کئے گئے تھے لیکن یہ دعوے دعوے ہی رہے۔ہر جگہ پھیلی آلائشوں سے بدبوا ور تعفن اٹھتا رہا ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ صرف کیمپ لگانے اور زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا۔ ضلعی انتظامیہ کو آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔