آئن مورگن کابنگلہ دیش جانے سے انکار، کیریئر خطرے میں
ڈھاکہ (آئی این پی) انگلینڈ کی ایک روزہ اور ٹی20 ٹیم کے کپتان آئن مورگن سیکیورٹی خدشات کے سبب شاید بنگلہ دیش کا دورہ نہ کریں اور سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے خبردار کیا کہ ایسا کرنے کی صورت میں مورگن کا کیریئر ختم ہو سکتا ہے۔مورگن نے کہا کہ برصغیر کے سابقہ دوروں کے دوران ہونے والے سکیورٹی مسائل نے انہیں ذاتی سیکیورٹی کو ترجیح دینے پر مجبور کردیا ہے اور وہ انگلینڈ کے دورہ بنگلہ دیش سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔انگلش اخبار دی سن کی رپورٹ کے مطابق مورگن نے انگلینڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ اینڈریو اسٹراس کو بتا دیا ہے کہ وہ دورہ انگلینڈ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے اور خطرہ ہے کہ مزید کھلاڑی بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دورے سے دستبردار ہو جائیں۔بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا کے کیفے میں جولائی میں ہونے والے دھماکے میں 20 افراد کی ہلاکت کے بعد انگلینڈ کے دورہ بنگلہ دیش پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا تاہم معنی علی اور کرس جورڈن نے کہا ہے کہ اگر ان کا انتخاب کیا گیا تو وہ بنگلہ دیش ضرور جائیں گے۔انگلینڈ نے دورے کے سلسلے میں اپنے سیکیورٹی وفد کو بنگلہ دیش بھیجا تھا جس نے دورے کیلئے سیکیورٹی کلیئرنس دی تھی تاہم انگلش کرکٹرز کی جانب سے مستقل دورے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔انگلینڈ کو دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے رواں ماہ کے آخر سے بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے۔تاہم سابق انگلش بلے باز کیون پیٹرسن نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر مورگن دورے سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہیں تو اس سے ممکنہ طور پر ان کے دورے کا اختتام ہو جائے گا اور ان کے پاس بنگلہ دیش کے پاس جانے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔