شالیمار ایکسپریس سے ملنے والا سونا اور نقدی مسافر کے سپرد
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) یس ایس پی ریلوے روبن یامین نے بہاولپور سے حیدرآباد آنے والی ٹرین شالیمار ایکسپریس نے ملنے والا لاکھوں روپے کا سونا اور نقد رقم ڈاکٹر عثمان کے سپرد کر دیا۔ ایمانداری پر ریلوے پولیس اہلکار کو سی سی ٹو ،تھر ی اسناد اور نقدانعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو سٹی ریلوے اسٹیشن پرپریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتائی۔ایس ایس پی ریلوے روبن یامین نے کہا کہ11ستمبر کو بہاولپورسے حیدر آباد آنے والی ٹرین شالیمار ایکسپریس میں خاتون مسافر مسز عثمان اپنا بیگ بھول گئیں۔ شکایت درج ہونے کے بعد حیدرآبا د ریلوے پولیس اسٹیشن کے اہلکار علی حسن نے ٹرین میں مذکورہ مقام کی تلاشی لی تو مسافر کا بیگ برآمد ہوگیا۔ برآمد ہونے والے بیگ میں ڈھائی تولہ سونے کی 6عدد انگوٹھیاں ، ایک عدد کڑا اور 21 ہزار روپے نقد رقم موجود تھی۔سامان کو میڈیا کے سامنے مسافر ڈاکٹر عثمان کے سپرد کر دیا گیا۔ ایس ایس پی ریلوے روبن یامین نے بتایا کہ ریلوے کے سپاہی علی حسن کو سامان ملنے اور ایمانداری کو دیکھتے ہوئے سی سی ٹو، تھر ی اسناد اور نقد رقم دی جائے گی تاکہ ریلوے پولیس کی حوصلہ افزائی ہو اور و ہ اس کام پر فخر محسوس کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امسال اس طرح کا یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں مسافروں کو ریلوے پولیس کی جانب سے سامان صحیح سلامت واپس کیا گیا۔ اس موقع پر مسافرڈاکٹر عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ریلوے پویس کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سامان صحیح سلامت برآمد کیا ۔