جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت محض انتخابات کے انعقاد کا نام نہیں بلکہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے بہترین نظام ہے۔جمہوریت لوگوں کو اپنی اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی اقدار کا تعین کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے کیونکہ جمہوریت میں حق حاکمیت عوام کے پاس ہوتا ہے۔جمہوریت ریاستی اداروں کو مضبوط کرکے اس قابل بناتی ہے کہ یہ خودکار طریقے سے عوام کو بہترین خدمات فراہم کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی ،عدلیہ اور میڈیا کی آزادی کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔دھرنے اور انتشار کی سیاست کے رویے غیر جمہوری طرز عمل کے حامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معاشی و سماجی ترقی کیلئے سیاسی قوتوں کو اپنے اطوار میں اعلیٰ جمہوری روایات قائم کرنے کا ثبوت دینا ہو گا اور جمہوریت کے روشن مستقبل کے لئے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی مفادات کے لئے کام کرنا ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور اس کے استحکام کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اوروزیر اعظم محمد نواز شریف نے جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے اپناموثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا عالمی دن منانے کامقصد عوام میں جمہوریت کے استحکام کیلئے شعوربیدار کرنا اورجمہوریت اور جمہوری روایات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں جمہوری روایات کو مستحکم کرنے کیلئے اپنے بھرپور کردار کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -