اسلام کا دہشتگردی، انتہاء پسندی اور فرقہ وارانہ عصبیتوں سے کوئی تعلق نہیں: سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی
لاہور( نمائندہ خصوصی) اسلام امن و سلامتی اور اعتدال کا دین ہے ۔ اسلام کا دہشت گردی ، انتہاء پسندی اور فرقہ وارانہ عصبیتوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔حج بیت اللہ مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کی علامت ہے جو دنیا کو پیغام دیتا ہے کہ مسلمان سلامتی اور امن پسند ہیں۔یہ بات رابطہ عالم اسلامی مکۃ المکرمۃکے زیر اہتمام عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ۔کانفرنس کی صدارت رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسٰی نے کہی۔کانفرنس سے پاکستان ، مصر ، فلسطین ، موزبیق ، لبنان، امریکہ اور سعودی عرب سمیت مختلف اسلامی ممالک کے قائدین نے خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیٰسی نے کہا کہ اسلام امن سلامتی اور اعتدال کا درس دیتا ہے ۔ اسلام کا دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے کوئی تعلق نہیں ۔ ہمیں نوجوانوں کی نظریاتی اور فکری تربیت کیلئے جدوجہد کرنی ہے تا کہ وہ انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے پھیلائے جانے والے غلط افکار سے بچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی قیادت میں مسلمانوں کی خدمت کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کر رہی ہے ۔ سعودی عرب کی قیادت نے ہمیشہ امت مسلمہ میں اتحاد اور اتفاق پیدا کرنے کیلئے کوشش کی ہے ۔ قرآن و سنت کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اور قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں ہی ہمیں آگے بڑھنا ہے ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بے گناہ انسانیت کو اسلام کے نام پر قتل کرنے والے ہی حقیقی اسلام کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کا اصل منظر منیٰ ، عرفات ، مزدلفہ اور مکہ اورمدینہ میں دیکھنے کو ملتا ہے۔انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ ہم سب کو مل کر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر بہترین انتظامات پر شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن نائف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب دہشت گرد انتہاء پسند تنظیمیں اور ان کے سر پرست حج کے ایام میں تخریب کاری اور دہشت گردی کی دھمکیاں دے رہے تھے ان حالات میں لاکھوں حجاج کی سلامتی کیلئے سعودی عرب کی حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران سمیت تمام ممالک کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں۔اسلامی اور عرب ممالک میں مداخلتوں کو روکنے سے ہی مسائل حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت نے ایک بار پھر حج پر بہترین انتظامات کر کے ثابت کر دیا کہ وہ ہی خدمت حجاج کے اہل ہیں۔کانفرنس کے اختتام پر پاکستان علماء کونسل کی طر ف سے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔