کراچی(صباح نیوز)سندھ میں ایپکس کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں غیر قانونی تارکین وطن کے معاملے کو وفاق سے اٹھانے اور عید قرباں پر کھالیں جمع کرنے والے افراد اور مدارس کا آڈٹ کروانے اور دی گئی امداد کو بھی ریگولیٹ کرنے کے لیے اسمبلی سے قانون کی منظوری کا فیصلہ کرلیا گیا۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس میں اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت گیارہ پوائنٹ پر عمل درآمد کرنا ہے۔ آٹھ ہزار آٹھ سو پچپن مدارس رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ ملٹری کورٹس کو ایک سو پانچ مقدمات بھیجے گئے جن میں سے انسٹھ مقدمات وزارت داخلہ نے منظور کیئے۔اجلاس کے دوران وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں فارنزک لیب قائم کی جائے، جبکہ جگہ کا تعین آئی جی اور محکمہ داخلہ خود کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شکار پور بم دھماکے میں بلوچستان سے آئے دہشت گرد ملوث ہیں۔ جس پر بلوچستان حکومت سے بات ہوگی۔