عوامی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم سے دشمنی کررہے ہیں : شہباز شریف

عوامی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم سے دشمنی کررہے ہیں : شہباز ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے تین برس کے دوران ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کردیا ہے ۔ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا نصب العین ہے ۔ایک طرف خدمت ،امانت اورشفافیت ہے جبکہ دوسری جانب انتشار ،الزام اورجھوٹ ہے ۔الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو عوام نے ہر موقع پر مسترد کیا ہے ۔ایسے عناصر کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں بلکہ انہیں صرف اپنے ذاتی مفادات عزیزہیں۔باشعورعوام افراتفری پھیلانے والوں کے عزائم کو بخوبی پہچان چکے ہیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سب کو متحد ہوکرکام کرنا ہے۔’’میں‘‘کی روش نے ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔بعض سیاسی عناصر ذاتی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں اور ایسے سیاسی عناصر کو ملک و قوم کے مفاد میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔ پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلنا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام صرف ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں جبکہ احتجاجی سیاست ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے زہر قاتل ہے ۔بعض سیاسی عناصرمسلم لیگ(ن) کی حکومت کے تیزرفتار ترقیاتی منصوبوں اورشفافیت کی پالیسی سے خائف ہیں اور ان عناصر کو خوف ہے کہ فلاح عامہ کے یہ منصوبے مکمل ہونے سے عوام 2018ء میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت کو دوبارہ منتخب کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی دیانتداری سے خدمت کا نام ہی سیاست ہے ۔الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ۔افراتفری کی سیاست کر کے عوامی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک و قوم سے دشمنی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے توانائی منصوبوں پر تین برس کے دوران بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ اقدامات کیے گئے ہیں ۔ آج توانائی کے متعدد منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب بڑ ھ رہے ہیں ۔2017کے وسط میں 1320میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ مکمل ہوجائے گا جبکہ2017ء کے اختتام تک گیس پاور منصوبوں سے بھی بجلی حاصل ہونا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبے مکمل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا بہت حد تک خاتمہ ہوجائے گا۔ہمارے ہر منصوبے کی بنیاد شفافیت اوراعلی معیار پر ہے اور اربوں روپے کے قومی وسائل منصوبوں میں بچا کرپاکستان کی تاریخ میں نئی مثال قائم کی گئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ محمدشہباز شریف نے پنجاب بھر میں عیدالاضحی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے پراطمینان کا اظہار کیا اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ‘ پولیس اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دی ۔وزیراعلیٰ نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کرنے پر متعلقہ اداروں اور حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کے بہترین اقدامات کے باعث صوبے بھر میں عید الاضحی کے اجتماعات بخیر وعافیت اختتام پذیر ہوئے، جس پر میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ‘پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جا ن و مال کے تحفظ سے بڑھ کرکوئی اورکام نہیں ہو سکتا۔محرم الحرام میں بھی اسی جانفشانی اور محنت سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں نے دن رات محنت کرکے صفائی کے بہترین انتظامات کئے جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کمپنیاں اور انتظامیہ عیدالاضحی پر صفائی کے شاندار انتظامات کرکے عوام کی توقعات پر اترے ہیں اور میں اچھی کارکردگی پر انہیں شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ذاتی طور پر صفائی کے انتظامات کی نگرانی کر تا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے پر متعلقہ ادارو ں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔

مزید :

صفحہ اول -