ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی
لاہور(نمائندہ خصوصی)ملک بھر میں منگل کے روز عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، عید کی نماز مساجد کے علاوہ عیدگاہوں اورکھلے میدانوں میں بھی ادا کی گئی اور ان اجتماعات میں ملکی ترقی و سلامتی ، مسلم امہ کے اتحاد، قیام امن اور ملک کو درپیش دہشت گردی کے عفریت سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، خطیب حضرات نے نماز عید کے اجتماعات میں عید الاضحی کی اہمیت اور فلسفہ قربانی پر تفصیلی اظہار خیال کیا، جس کے بعد فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور وں کی قربانی دی۔ صوبائی دارالحکومت میں نماز عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، جامع مسجد منصورہ، قذافی سٹیڈیم، مسجد وزیر خان، جامعہ اشرفیہ، جامعتہ المنتظر، جامعہ نعیمیہ، مسجد دار الاسلام باغ جناح، مسجد شہدا، جامعہ رحمانیہ، جامعہ غوثیہ رضویہ گلبرگ، فردوس مارکیٹ و دیگر مقامات میں ہوئے، جانوروں کی قربانی کا سلسلہ عید کے تیسرے روز دوپہر تک جاری رہا۔