ہمیشہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اعلی سطح پر آواز بلند کی،فاروق ستار
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے اپنے ایک بیان میں ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا، کراچی کی مختلف ڈسٹرکٹس اور یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین، جنرل کانسلرز، کانسلرز سمیت تمام نومنتخب بلدیاتی نمائندگان و دیگر رضاکاروں کو عید الاضحی کے پہلے روز بروقت آلائشیں اٹھانے اور شہروں کو صاف رکھنے پر شاباش اور زبردرست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حیدرآباد اور میرپورخاص کے میئرز، ڈپٹی میئرزاور تمام بلدیاتی نمائندگان کی بہترین کارکردگی کو سرہاتے ہوئے انہیں بھی شاباش اور خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے ایک بیان میں سربراہ ایم کیو ایم (پاکستان) ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندوں نے ماضی میں بھی عوامی خدمت کی مثالیں قائم کی تھی اور ایک بار پھر جب ہمیں عوامی خدمت کا موقع ملا ہے تو ہمارے کے بلدیاتی نمائندگان بہترین کارکردگی اور عوامی خدمت کی مزید ناقابل فراموش مثالیں قائم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم ہی کا طرہ امتیاز رہا ہے کہ اس نے ہمیشہ عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی کڑے اور کٹھن حالات کے باوجود ایم کیوایم نے عوامی خدمت کا اپنا سلسلہ نہیں چھوڑا اور نہ ہی کبھی چھوڑے گی۔