مراد علی شاہ سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی مرتضیٰ بلوچ کی ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی مرتضیٰ بلوچ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مرتضیٰ بلوچ نے اپنے حلقے کے مسائل سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کو مکمل بریفینگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مرتضیٰ بلوچ کو 13 سال کے بعد ملیر سے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملیر پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے اور رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے کشمور تک پیپلز پارٹی دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل بھروسہ کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سے لیاری ، کیماڑی ، کورنگی اور دیگر علاقوں کے رہنماؤں نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں مختلف محکموں کے سیکریٹریز بھی شامل تھے۔