امسال صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر ہے ، گورنر سندھ

امسال صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر ہے ، گورنر سندھ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے ایام میں جانوروں کی آلائشوں کو مخصوص کی گئی جگہوں پر منتقل و مدفون کئے جانے کے عمل کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ نہایت ضروری ہے، امسال اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے منتخب عوامی نمائندے بھی موجود ہیں ، گذشتہ برس کی نسبت امسال عید الاضحی کے پہلے روز صفائی و ستھرائی کی صورتحال بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ با الخصوص شہر کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے باعث عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اب حکومت کی پوری توجہ ترقیاتی منصوبوں پر مرکوز ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے شہر میں صفائی و ستھرائی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے دورے کے اختتام پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کیا۔اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ ، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی مسعود عالم رضوی بھی موجود تھے۔ شہر کے دورے کے دوران گورنر سندھ کو متعلقہ حکام نے صفائی ستھرائی کے کاموں ،آلائشیں اٹھانے ، انھیں مخصوص جگہوں پر منتقل کرنے اور مدفون کرنے سمیت جراثیم کش ادویات کے چھڑ کاؤ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس کے مقابلہ میں امسال ضلع وسطی اور شرقی میں زائد قربانی ہو رہی ہے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا کام تسلی بخش طریقہ سے ہو رہا ہے ، منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ آج شہر کے دورے کا مقصد بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا ، اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس برس 15 سے 20 فیصد زیادہ جانور قربان کئے جارہے ہیں ، ادارے بہتر اندا ز میں کام کررہے ہیں ایک منظم انداز میں آلائشوں کو بر وقت مختص کی گئی جگہوں تک منتقل اور مدفون کئے جانے کا عمل یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ بدبو اور تعفن نہ پھیل سکے جبکہ سڑکوں پر آلائشیں اٹھانے کے بعد جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے ۔ دورے کے دوران گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو فوری احکاما ت بھی دیئے ادویات کے چھڑکاؤ کے جاری کام پر گورنر سندھ نے ہدایت دی کہ اندونی سڑکوں سے آلائشیں اٹھانے اور جراثیم کش ادویات کے فوری چھڑکاؤ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں ، صوبائی و وفاقی حکومتوں کے مابین بہتر اشتراک سے عوام کے مسائل جلد از جلد حل کئے جا سکتے ہیں امسال عید الاضحی کے پہلے روز بہتر اقدامات مشترکہ کاوشوں کا واضح ثبوت ہے ، جنھیں باقی دو روز بھی اسی طرح جاری رکھا جائے گا تاکہ قربانی کے ایام کے خاتمے کے بعد شہر میں صحت و صفائی کی صورتحال کو بہتر رکھا جا سکے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -