چین ایک عظیم ملک ،پاکستان کاآزمودہ دوست ہے،ایازصادق

چین ایک عظیم ملک ،پاکستان کاآزمودہ دوست ہے،ایازصادق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(پ ر)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے چینی ہم منصب Mr. Zhang Dejiang سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ چین سے موصول ہونے والے پیغام کے مطابق دونوں قائدین نے اس امر کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے زیر تحت تمام پروجیکٹس کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس منصوبے کو دونوں ملکوں کے علاوہ خطے کے باقی ماندہ علاقوں کے لیے بھی فائدہ مند منصوبہ قرار دیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ چین ایک عظیم ملک ہے اور پاکستان کا آزمودہ دوست ہے۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ یہ تعلق اور رشتہ گزشتہ کئی نسلوں پر محیط ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کو قریب لانے کے لیے متواتر پارلیمانی وفود کا تبادلہ اور باہمی عوامی روابط سے کئی دہائیوں سے جاری تاریخی تعلق داری مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری اور پاک چین تعلقات میں پاکستان کی سیاسی قوتوں کی ہم آہنگی کو بھی اجاگر کیا۔ سردار ایاز صادق نے اپنے چینی ہم منصب کو مقبوضہ وادی کشمیر میں انسانیت سوز سلوک کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ طویل عرصہ سے جاری اس مسئلہ کو پر امن طریقے سے اقوام متحدہ کے قراردوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل کیا جائے۔ Mr. Zhang Dejiang نے پاک چین دوستی کو "سدا بہار سٹریٹجک شراکت دار"قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی موجودہ پوزیشن پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ دونوں طرف سے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور CPEC منصوبہ پر پارلیمانی نگرانی کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دوستی کے رشتے مضبوط ہونگے بلکہ دونوں ملکوں کے متعدد شعبوں میں ترقی آئے گی۔ بعد ازاں اسپیکر سردار ایاز صادق نے وائس چیئرپرسن سٹینڈنگ کمیٹی نیشنل پیپلز کانگریس Madam Shen Yueyue کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے عشایہ میں بھی شرکت کی۔