جناح پارک ملتان میں جھولا ٹوٹنے سے 1نوجوان جاں بحق، 15 زخمی

جناح پارک ملتان میں جھولا ٹوٹنے سے 1نوجوان جاں بحق، 15 زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(کرائم رپورٹر، وقائع نگار ) جناح پارک میں جھولا ٹوٹنے سے جواں سالہ نوجوان جاں بحق 12بچوں سمیت15افراد زخمی ہوگئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی،ضلعی انتظامیہ نے حادثے کا ملبہ پی ایچ اے اور پارک انتظامیہ پر ڈال دیا۔ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس پی ایچ اے ،اور2انجینئیرز سمیت8افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔تفصیل کے مطابق عید کے دوسری رات جناح پارک میں ٹاپ سپین جھولے پر 12بچوں سمیت 15افراد سوار تھے۔اسی اثناء میں جھولا ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں جھولا جھولتے افراد 10فٹ دور جاگرے۔حادثے کے بعد پارک میں بھگدڑ مچ گئی ۔ ریسکیو اہلکار اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئے۔جنھوں نے زخمیوں 18سالہ علی ولد غلام نبی، 18سالہ مدثر ولد امین،17سالہ حماد ولد عزیز ،17سالہ جاوید ولد فرید،16سالہ کرامت ولد لال بادشاہ ،25سالہ ثواب خان ولد قدرت خان،کو نشتر ہسپتال منتقل کیا جبکہ دو زخمیوں ارشد خان اور عقیل کو پولیس موبائل کے ذریعے نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔باقی زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دے کر ان کے گھر روانہ کیا گیا۔بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 18سالہ علی جاں بحق ہوگیا۔جھولاٹوٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ڈی سی او ملتان سے 24گھنٹے میں رپورٹ بنا کر بھیجنے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا حکم دیا۔ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ قائم مقام سی پی او ملتان ڈاکٹر رضوان موقع پر پہنچ گئے،اور شہریوں کو پارک سے باہر بھیج کر جناح پارک کو سیل کروادیا۔ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ نے اسسٹنٹ کمشنرسٹی ڈویژن محمد فاروق کو غفلت برتنے والے پارک انتظامیہ کے افراد اور ڈائریکٹر پی ایچ اے ایٖڈمن اینڈ فنانس کے خلاف مقدمہ درج کروانے کی ہدایت جاری کی۔شاہ رکن عالم پولیس کو اے سی سٹی محمد فاروق کی جانب سے دیے گئے استغاثہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جناح پارک انتظامیہ کے ٹھیکیدار میجر (ر) انور شہزاد،سپروائزر محمد اکرم،انجینئیر چوہدری لیاقت علی،محمد حسین ہیڈ آپریٹر ،بابرہیلپر،زوہیب انجینئیر،نبات خٹک اور پی ایچ اے کے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس خرم جمیل نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور تمام حفاظتی اقدامات نہ کیے جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیاپولیس نے مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ یہاں سے امر قابل ذکر ہے کہ ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ نے عید سے قبل پارکوں میں جھولا جھولنے پر پابندی عائد کی تھی تاہم ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران کی ملی بھگت سے پارکوں میں ٹھیکیداروں کو جھولے چلانے کی اجازت دی گئی۔دریں اثناء عید الفطر پر ساہیوال میں جھولا ٹوٹنے کے باعث40سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے،جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈی سی او ساہیوال کو معطل کردیا تھا۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ ملتان نے عید الاضحی کے پیش نظر کوئی خاطر خواہ اقدامات نہ کیے،اور تمام ملبہ پارک انتظامیہ پر ڈال دیا۔علاوہ ازیں جناح پارک حادثہ کے 8 زخمی نشتر ہسپتال لائے گئے۔ جس میں ایک شدید زخمی جناح ٹاؤن ملتان کا رہائشی 22سالہ علی حسن ولد غلام نبی سرپر چوٹ کے باعث ایمرجنسی وارڈ میں فوت ہوگیا۔ اس کے علاوہ مظفر آباد کے رہائشی 24 سالہ نواب ولد سدرل خان کو تشویش ناک حالت کے باعث آئی سی یو وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ دیگر زخمیوں میں ناگ شاہ کا 18 سالہ مدثر، کمہارانوالہ کا 22 سالہ جاوید، 18سالہ کرامت 18 سالہ عقیل، شریف پورہ کا 17سالہ حماد اور 25 سالہ ارشد شامل ہیں۔
جناح پارک