کراچی (اے این این) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہےء کہ ان کی کار کو پیش آنے والے حادثے کو کسی سازش کے ساتھ نہ جوڑا جائے،یہ محض ایک حادثہ تھا اس سے زیادہ کچھ نہیں ،خوفناک حادثے میں ہماری بہت بچت ہوئی ہے ۔ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ گاڑی کی اتنی قلابازیوں کے بعد زندگی کا بچنا اور کم سے کم نقصان ہونا، یہ میری اس سے بڑی عیدی نہیں ہوسکتی، میری ساری ہڈیاں اور اعضا محفوظ رہے، جوڑوں اور پٹھوں پر ضرب آئی ہے جو وقت کے ساتھ ٹھیک ہوجائیں گے۔ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے، مجھے بتایا گیا کہ ندیم نصرت نے بھی دعا بھیجی تاہم میرا ذاتی طور پر کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی فون آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اعتماد کو اتنا کمزور نہیں کرنا چاہیے کہ ہر چیز میں سازش کا ہاتھ کا ڈھونڈیں، اسی لیے پہلے ہی کہا تھا یہ حادثہ ہے، تمام ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں اس لیے اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔