عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان بھر میں ایک کروڑ سے زائد جانور ذبح ہوئے
اسلام آباد (آن لائن) عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان بھر میں ایک کروڑ سے زائد جانور ذبح کئے گئے لیکن کھالوں کی قیمتوں میں حیران کن کمی کے باعث فلاحی اداروں اور مدرسوں کو بہت کم آمدن ہوئی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس عید قربان پر ایک کروڑ پانچ لاکھ کے قریب گائے ، بیل ، بکرے ، دنبے اور اونٹ ذبح کئے گئے ۔ گزشتہ برس تقریباً 95 لاکھ جانور سنت ابراہیمی کی تکمیل کے لئے قربان کئے گئے تھے البتہ اس برس کھالوں کی قیمت بہت کم رہی ۔ گائے ،بیل کی کھال کی قیمت 1600 روپے مقرر کی گئی تھی جبکہ گزشتہ برس یہی کھال 2500 سے 3000 روپے تک فروخت کی گئی تھی اور دنبے ، بکرے کی کھال 200 سے 300 روپے میں فروخت ہوئی اور پچھلے سال یہ قیمت 700 ، 800 روپے تھی اس برس ایک اندازے کے مطابق 221 ارب روپے مالیت کے جانوروں کی قربانی دی گئی ۔ واضح رہے کہ پاکستان سنت ابراہیم کے مطابق جانوروں کی قربانی میں سعودیہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور انڈونیشیا کی تیسری پوزیشن ہے ۔