اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف نے ملاقات کی جس دوران داخلی و خارجی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرا عظم نواز شریف اور آرمی چیف کے درمیان وزیر اعظم ہاﺅس میں اہم ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی آرمی چیف سے مشاورت کی۔اس کے علاوہ ملاقات میں آپریشن ضرب عضب اور ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلا ف جاری آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہےِ ِ، اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دینے کیلئے مسلح افواج نے شاندار کردار ادا کیا جبکہ وزیر اعظم نے داخلی و خارجی سلامتی کے صورت حال پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ دونوں رہنماﺅں نے ملکی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔