وزیراعلی سندھ نے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کی منظوری دے دی

وزیراعلی سندھ نے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کی منظوری دے دی
وزیراعلی سندھ نے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کی منظوری دے دی

  

کراچی (این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کی منظوری اورکراچی میں موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ کراچی میں نجی گاڑیوں میں ہوٹر، پولیس لائٹس لگی گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ، وزیر اعلی نے ون وہیلنگ اور مرکزی شاہراہوں پر کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے ۔

جمعہ کو وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں نیو سندھ سیکرٹریٹ میں محکمہ پولیس کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی جی سندھ ،ایڈیشنل آئی جی کراچی ،سیکرٹری داخلہ اور دیگر شریک ہوئے ۔ وزیر اعلی نے موٹر سائیکل ون وہیلنگ اور مرکزی شاہراہوں پر کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی اورموٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ کی پابندی پرعمل درآمد کرانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں نجی گاڑیوں میں ہوٹر، پولیس لائٹس لگی گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیر اعلی نے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ آگاہی مہم کے بعد کارروائی کی جائے ۔ اجلاس میں پولیس ٹریننگ سینٹر کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ اجلاس نے پولیس کو جدید اسلحہ دینے کی منظوری دی جبکہ پولیس کو جدید ہتھیار ، گاڑیاں فراہم کرنے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فنڈنگ اور بکتر بند گاڑیوں کی خریداری پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ پہننے کے قانون پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ہیلمٹ کا اطلاق موٹر سائیکل پر سوار بچوں اور خواتین پر بھی عائد کیا جائے۔

روزنامہ پاکستان کی خبریں اپنے ای میل آئی ڈی پر حاصل کرنے اور سبسکرپشن کیلئے یہاں کلک کریں

وزیر اعلی سندھ نے پرائیویٹ گاڑیوں پر لگے ہوٹرز اور پولیس لائٹس لگانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام قوانین سے پہلے عوام کو آگاہی اور ہدایت دی جائیں اور اس کے بعد اس پر سخت کارروائی کی جائے۔ انھوں نے احکامات جاری کئے کہ سندھ کے تمام پولیس ٹریننگ سنٹرز کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور پہلے مرحلے میں شہداد پور، سعید آباد اور رزاق آباد کے سینٹرز کو اپ گریڈ کیا جائے۔ مراد علی شاہ نے صوبے کی پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

مزید :

کراچی -