بھارت کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے عامر خان کی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان ‘‘میں کام کرنے سے انکار کر دیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی ووڈ میں جھگڑا لو اداکارہ کے طور پر مشہور کنگنا رناوت ایک بار پھر بھارتی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں لیکن اس مرتبہ وہ کسی لڑائی کی وجہ سے شہ سرخیوں میں نہیں آئیں بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ہندوستانی فلم انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کسی بھی فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔
مزید پڑھیں:مردوں کی نسبت خواتین کو زیادہ محنت کرتے دیکھ کر خوشی محسوس ہوتی ہے:امیتابھ بچن
بھارتی میڈیا کے مطابق ’’اپنے دم پر‘‘ بالی ووڈ میں جگہ بنانے والی کنگنا رناوت کسی کو بھی خاطر میں نہیں لاتیں ،اس سے قبل انہوں نے سلمان خان اور شارخ خان کے ساتھ کسی فلم میں کام سے انکار کر کے سب کو حیران کر دیا تھا تو اب انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں ’’مسٹر پرفیکشنسٹ ‘‘ کہلانے والے عامر خان کی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان ‘‘ میں کام سے انکار کر دیا ہے ۔اس فلم میں عامر خان کے ساتھ امیتابھ بچن ،کترینہ کیف اورفاطمہ ثنا شیخ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کنگنا رناوت اس سے قبل سلمان خان کی’’ سلطان‘‘ اور ’’ بجرنگی بھائی جان‘‘ جیسی فلموں کو بھی ٹھکرا چکی ہیں جبکہ آنند ایل رائے کی شاہ رخ خان کے ساتھ بنائی جانے والی فلم میں بھی کام کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔