ورلڈ الیون کے بعض اراکین کی مسلسل لاہوری دیسی ناشتے سے تواضع
لاہور (سپورٹس رپورٹر )پاکستان کے دورہ پر آئی ہوئی ورلڈ الیون کی کرکٹ ٹیم کے بعض اراکین لاہور کے دیسی ناشتے کو بہت پسند کررہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی مسلسل خاص لاہوری دیسی ناشتے سے بھی تواضع کی جارہی ہے ،ان کو سری پائے ،انڈہ چنے ،بونگ ،،نہاری نان حلیم ،ہریسہ ،لسی اور دیگر قسم کا دیسی ناشتہ بھی فراہم کیاجارہا ہے،ٹیم کے کھلاڑی اس ناشتے سے لطف اندوز ہوئے ،ورلڈ الیون کے تمام کھلاڑی پاکستان میں دی جانے والی سیکورٹی سے مطمئن اور پاکستانیوں کی محبت اور مہمان نوازی سے بہت متاثر نظر آئے ،ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بارے میں جو غلط فہمی تھی وہ دورہ پاکستان سے دور ہوگئی ہے ،پاکستان بہت اچھا اور پر امن ملک ہے اور انٹرنیشنل ایونٹ کا انعقاد مستقبل میں بھی یہاں ہونا چاہئے،انہوں نے کہاکہ پاکستان سے محبت اور پیار لے کر اپنے وطن جائیں گے اور دنیا ئے کرکٹ کی دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان میں کھیلنے کے بارے میں اپنے اچھے تاثرات سے آگاہ کریں گے ۔