برینڈن ٹیلر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا
ہرارے (نیٹ نیوز) برینڈن ٹیلر نے کاؤنٹی کلب نوٹنگھم شائر سے معاہدہ ختم ہونے کے فوراً بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دوبارہ زمبابوین کرکٹ سے معاہدہ کر لیا، توقع ہے کہ وہ آئندہ ماہ ملک کی طرف سے دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کریں گے۔ ٹیلر نے مالی بحران کے باعث 2015ء میں منعقدہ ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ کر کاؤنٹی چیمپئن شپ کلب نوٹنگھم شائر کو جوائن کر لیا تھا۔ زمبابوین کنوینر آف سلیکٹرز ٹاٹنڈا تیبو نے کہا کہ برینڈن ٹیلر کوالٹی پلیئر ہیں اور ہر کوئی ان کی صلاحیتوں سے واقف ہے، ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ انہوں نے دوبارہ قومی ٹیم کو جوائن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلر چند دن فیملی کے ساتھ گزارنے کے بعد ہالینڈ، پاکستان اے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ کو جوائن کریں گے۔ ٹیلر کو 23 ٹیسٹ، 167 ایک روزہ اور 26 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔