لاہور ہائیکورٹ کے کمپیوٹرائزڈ نظام میں خامیوں پر وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ
لاہور(نامہ نگار خصوصی )عدالت عالیہ لاہور کے کمپیوٹرائزڈ نظام میں موجود خامیوں کے خلاف وکلا ء کا عدالتی بائیکاٹ، وکلا ء کی ہڑتال کے باعث سائلین کو شدیدمشکلات کا سامناکرنا پڑا۔لاہور ہائیکورٹ کے کمپیوٹرائزڈ نظام میں موجود مبینہ خامیوں کو دور نہ کرنے پر لاہور کے وکلا ء نے گزشتہ روزعدالتی بائیکاٹ کیا اوراکثریتی وکلا ء مقدمات میں عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقار چودھری اور سیکرٹری عامر سعید راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی آئی ٹی نظام میں موجود خامیوں کے باعث وکلا ء اور سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے مزیدکہا کی رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو متعدد مرتبہ تحریری طور پر آگاہ کیا مگر عملی طور پر اقدامات نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ وکلا اور سائلین کے مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے آئی ٹی نظام میں موجود سقم دور کئے بغیر وکلا مطمئن نہیں کیا جا سکتا۔