پیپلز پارٹی ورکرز عام انتخابات سے قبل با اختیار الیکشن کمیشن کیلئے مہم چلائے گی
لاہور(سٹی رپورٹر) پیپلز پارٹی (ورکرز) کے رہنماؤں نے ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن کو ناکام اوراس کے کردار کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے آئندہ عام انتخابات سے قبل با اختیار الیکشن کمیشن کے لئے مہم چلانے کا عندیہ دیدیاجبکہ اس سلسلہ میں تمام جماعتوں سے رابطے بھی کئے جائیں گے ، 29ہزار ووٹوں کی تصدیق کا معاملہ ابھی تک حل طلب ہے جس سے شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بینظیر بھٹو شہید کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان ، پیپلز پارٹی (ورکر ز)کے مرکزی صفدر عباسی ، این اے 120سے ساجدہ میر او ردیگر نے کریم پارک میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سردار حر بخاری ، رائے قیصر، ابن رضوی ، آمنہ زیدی ، سلیم خان سمیت سینکڑوں کی تعداد میں کارکن موجو د تھے ۔ ناہید خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی ورکرز نے نظریاتی اور سیاسی جدوجہد کرنے والی خاتون کو میدان میں اتارا ہے او رمیر اچیلنج ہے کہ حلقے میں سامنے آنے والے تمام امیدواروں کا سیاسی اور جمہوریت جدوجہد میں ساجدہ میر سے کوئی مقابلہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے آغاز سے آج تک یہی کہہ رہے ہیں کہ ووٹرز تمام امیدواروں کے کردار اور جدوجہد کا جائزہ لیں ۔ منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہونے والے غریب کے مسائل او ردکھ کو نہیں سمجھ سکتے ۔ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی سے سوال کیا جائے وہ عام انتخابات میں اس حلقے سے کامیابی کے بعد کتنی بار یہاں آئے ہیں جو تین دہائیوں میں حلقے کی حالت زار نہیں بدل سکے وہ ایک سال میں عوام اور حلقے کی حالت زار کیابدلیں گے۔ صفدر عباسی نے کہا کہ این اے 120ایک حلقے کا انتخاب نہیں بلکہ اس سے فیصلہ ہونا ہے کہ عوام نے اپنا وزن اشرافیہ کے پلڑے میں ڈالنا ہے یا اپنی نسلوں کا مستقبل سنوارنا ہے ۔ عوام کے نام پر مہم چلانے والے تو پینے کا پانی بھی باہر کے ممالک سے منگوا کر پیتے ہیں جبکہ حلقے کے عوام سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور ہیں ۔