محرم الحرام میں امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے علماء کونسل کا مشاورتی اجلاس

محرم الحرام میں امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے علماء کونسل کا مشاورتی اجلاس

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محرم الحرم میں امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان علماء کونسل کا مشاورتی اجلاس مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے بعد مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ علماء کونسل نے محرم الحرام میں ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر کے علماء کو جاری کردیا ۔

۔ملی یکجہتی کونسل کے اس ضابطہ اخلاق پر قاضی حسین احمد مرحوم،مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم،مولانا محمدضیاء القاسمی ؒ ،سینیٹر پروفیسر ساجد میر،علامہ ساجد نقوی،مولانا سمیع الحق نے اس ضابطہ اخلاق پر دستخط کئے ہیں ۔فرقہ وارانہ کشیدگی کو ختم کرنے اور تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ملی یکجہتی کونسل کا ضابطہ اخلاق تاریخی ہے۔تمام مکاتب فکر اس ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا ہوکر ملکی سا لمیت کیخلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے انتہاپسندی ،دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق کو حکومت قانونی شکل دے۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے علماء کرام،خطباء،مشائخ عظام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام اور پاکستان کے مجموعی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی اپنی ذمہ داری اداکریں اور آنے والے محرم میں ملک کی فضاء کو خوشگوار بناکر دشمن کے تمام مکروہ عزائم خاک میں ملادیں۔پاکستان علماء کونسل سے منسلک ملک بھر کے علماء ،خطباء،آئمہ نے اس ضابطہ اخلاق کو جمعہ کے اجتماعات میں عوام الناس کے سامنے بیان بھی کیا اور عزم کیا گیا کہ اس پر عمل پیرا ہوکر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -