پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہائیوں پرانے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد(اے این این)وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے امریکی سفیرڈیوڈہیل اورافغانستان کے سفیر حضر ت عمرزخیلوال نے الگ الگ ملاقات کی جن میں باہمی دلچسپی کے معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیرسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے مشترکہ اہداف کے حصول اورباہمی دلچسپی کے دوسرے معاملات پر مل کرکام کرنے کی اہمیت پرزوردیا۔ ملاقات میں اس بات پراتفاق کیاگیاکہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان دہائیوں پرانے تعلقات کوکثیرجہتی روابط کے ذریعے مزیدمضبوط بنایاجائے گا ۔دریں اثناء افغان سفیرنے شاہدخاقان عباسی کووزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے پرمبارکباد دی ۔انہوں نے افعان حکومت کی طرف سے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی،ثقافتی،معاشی اورسیاستی لحاظ سے اہمیت کے حامل دوطرفہ تعلقات مزیدمضبوط بنانے کیلئے کام کرنے کے حوالے سے افغان حکومت کی خواہش کااعادہ کیا۔اس موقع پروزیراعظم نے خطے خصوصاً افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کے عزم کااجاگرکیا۔ انہوں نے پاکستان افغانوں کے اپنے طورپرشروع کرد ہ اورانہی کی سرپرستی میں ہونیوالے مفاہمتی عمل کی حمایت کااعادہ کیا ۔بعدازاں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے گورنرسندھ محمدزبیرنے ملاقات کی اورانہیں صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں وفاقی حکومت کے جاری اورنئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔گورنرنے وزیراعظم کو حکومت کی سرمایہ کاردوست پالیسیوں اورامن وامان کی بہترصورتحال سے متعلق نجی شعبے اورتاجربرداری کی طرف سے ملنے والے مثبت ردعمل کے بارے میں بھی بریفنگ دی ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بجلی کی فراہمی ،تقسیم اور چوری روکنے کیلئے جامع پلان پیش کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلی سطح اجلاس میں خطاب کے دوران کیا ۔ وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی استعداد کار بڑھانے کا جامع پلان تیار کرنے اور ملک میں بجلی کی بڑھتی پیداوارکو عوام تک پہنچانے کا شفاف نظام بنانے کی ہدایت کرتے ہوئیکہا کہ بجلی کی پیداوار اورتقسیم کے نظام میں خرابیوں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔ قبل ازیں وزیراعظم کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی ۔