جمہوری طرز حکمرانی ہی اعلٰی معاشرے کی تشکیل دہشتگردی کے خاتمہ کی ضمانت ہے : بلاول بھٹو زرداری

جمہوری طرز حکمرانی ہی اعلٰی معاشرے کی تشکیل دہشتگردی کے خاتمہ کی ضمانت ہے : ...

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے جمہوریت ہی وہ واحد ضامن و قابل عمل طرزِ حکمرانی ہے جو ایک لچکدار معاشرے کی نشو ونما کرتی ہے، جبکہ پائیدار جمہوریت کی چابی تمام جمہوری ادروں کی مضبوطی وہ موثر اورجوابدہ ہوناہے ۔ اقوامِ متحدہ کی جانب سے منائے جانیوالے عالمی یومِ جمہوریت کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے عالمی ادارے کی جا نب سے اس دن سے منسلک موضوع ’’جمہوریت اور تنازعات کی روک تھام‘‘کی توثیق کرتے ہوئے زور دیا کہ مسلسل اور بلا تعطل جمہوری عمل ہی دنیا کے نقشے سے غربت، ناانصافی، انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کو یقینی بنانے سمیت پاکستان اور پوری دنیا میں مستقل امن اور استحکام ممکن بنا سکتا ہے۔ جمہوریت معاشرے کے تمام حصوں کو تقویت دیتی ہے، خواتین اور کمزور طبقات کو بااختیار بناتی ہے، رواداری کو فروغ دیتی ہے اورمعاشرے کو احترام و بقائے باہمی کی بنیادوں پر استوار کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا جن عالمی قوتوں نے پسما ندہ ممالک میں آمریتی سانپ پالے، اس سے نہ صر ف ا نسانیت کو بہت بڑا نقصان پہنچا بلکہ آج وہ تمام عفریت عالمی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے۔ جمہوریت کیلئے اپنی چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کے دوران پیپلزپارٹی نے بہت کچھ جھیلا ہے اور آمریتوں کیخلاف لڑائی میں اپنی قیادت اور ہزاروں کارکنان کو گنوایا ہے ، آمریتی قوتوں کی باقیات کیخلاف آج بھی پیپلز پارٹی کی جنگ جاری ہے،اور ہم اس نعر ے کیساتھ لڑ رہے ہیں کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ہم اپنے بانیان کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ، آمریتی اور سیاہ ادوار کی قوتوں کو شکست سے ہمکنار ، جمہوریت کو مضبوط اور قانون و آئین کو بالادست بنائیں گے۔

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -