عوام نے لٹیروں کو مسترد کر دیا، جیت بلے کی ہوگی، یاسمین راشد

عوام نے لٹیروں کو مسترد کر دیا، جیت بلے کی ہوگی، یاسمین راشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تحریک انصاف کی حلقہ این اے 120سے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حلقے کی عوام عمران خان سے بے حد محبت کرتے ہیں میں نے ہر گلی گلی ، کوچے کوچے اورگھر گھر جاکر ووٹ مانگے ہیں پارٹی کارکنا ن بھر پور محنت سے کمپین چلا رہے ہیں ،این اے 120نااہل شخص کی وجہ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ، حلقہ کی عوام کو سالوں بے یارومددگار چھوڑ نے والوں کو الیکشن شروع ہو تے ہی ان کی فکر کھائے جارہی ہے ، حلقے کی عوام نے (ن) لیگ کی ریلیوں اور جلسوں میں شرکت نہ کر کے چوروں کو مسترد کر دیا ہے۔ضمنی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ 17ستمبر کا دن پی ٹی آئی کے تاریخی فتح کا دن ثابت ہو گا ۔پی ٹی آئی این اے 120کا الیکشن پوری تیاری کے ساتھ لڑ رہی ہیں۔ دھاندلی کے ماہرین کو اس دفعہ دھاندلی نہیں کر نے دیں گے۔ یہ محض ضمنی الیکشن نہیں بلکہ پورے پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے ، ہم پرامید ہیں کہ 120 کے باسی بلے پر نشان لگا کر کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے۔ حلقے کی عوا م 17ستمبرکو بلاخوف وخطر گھروں سے نکلیں اور کرپٹ عناصر کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیں ، چور حکمرانو ں کی وجہ سے ملک تباہی کے دہا نے پر پہنچ چکا ہے ، سپریم کورٹ کے نواز شریف کی نااہلی کے تاریخی فیصلے کے بعد سے ملک میں ایک خو شی کی لہر پھیلی ہوئی ہے، پورا خاندان جلد جیل میں ہو گا اور ملک کی غریب عوام کی لوٹی ہوئی پائی پائی وصو ل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور انکے حواریوں کی منافقت اور جھوٹی سیاست 17ستمبر کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گی ، درباریوں نے جھوٹ بول بو ل کر قوم کو گمراہ کر نے کی کوشش کی، جس کسی نے کرپشن کی اور ملک کو لوٹاہے ان سب کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔

دیرینہ مسائل کے حل کے لئے میدان میں اترے ہیں، یعقوب شیخ
این اے 120سے امیدوا ر محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ این اے 120 کسی کی جاگیر نہیں،سترہ ستمبر کو روشن پاکستان کے نشان انرجی سیور کی فتح ہو گی۔کاغذی شیروں کو عوام مسترد کر چکی ہے۔ ہم جھوٹ کی جگہ سچ اور خیانت کی جگہ امانت لانا چاہتے ہیں۔ مودی سے دوستیاں نبھانے والے حالیہ انتخابات میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔الیکشن کمیشن نااہل شخص کی پینا فلیکس پر تصاویر کا نوٹس کیوں نہیں لیتا۔انرجی سیور پر مہر لگا کر اپنی تقدیر بدلیں اور روشن و مضبوط پاکستان کے لئے ساتھ دیں۔ 120 سے جیتنے والوں نے عوام سے کئے گئے وعدے وفا نہیں کئے۔ہم لوٹ کھسوٹ کی جگہ وطن عزیز کے خزانے کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں۔ہم لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے سیاست میں اترے ہیں۔قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ حلقہ این اے120کے رہائشی افراد کے ووٹ دوسرے حلقوں میں منتقل کروائے گئے۔ انتخابی مہم کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ این اے 120میں شفاف الیکشن کیلئے نادرا ریکارڈمیں گڑ بڑ والے 29ہزار ووٹ منسوخ کئے جائیں۔ حکمران جماعت انتخابی مہم میں سرکاری مشینری استعمال کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن تمام امیدواروں سے ضابطہ اخلاق کی پابندی کروائے۔ قوم کو ٹیکسوں سے بوجھ سے نکالیں گے اور عوام کا خون نہیں نچوڑنے دیں گے۔پاکستان میں بدامنی و دہشت گردی ختم اور اتحاد کی فضا قائم کریں گے۔ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر وسیع تر اتحاد قائم کیا جائے گا۔ہم ملک سے کرپشن، توڑ پھوڑ اور انتشار کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں۔یعقوب شیخ نے کہاکہ وطن عزیزپاکستان کے استحکام کے لئے میدان سیاست میں آئے ہیں۔کامیاب ہو کر ملنے والا فنڈ خود کھانے کی بجائے حلقے میں لگاؤں گا۔ این اے 120 کی عوام صاف پانی سے محروم ہے۔ ہمارے نوجوان ڈگریاں لیکر سڑکوں پر دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانی کی داستانوں سے بھری ہے، فیصل میر
تیر پر نشان لگا کر بینظیر کو خراج عقیدت پیش کیا جائے
پیپلز پارٹی کے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120سے نامزد امیدوار فیصل میر نے کہا ہے کہ اس وقت اپنی شکست کے خوف سے دو جماعتوں نے ووٹرز کو خریدنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے وہ اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کے آخری روز ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران خطاب کررہے تھے۔فیصل میر کا کہنا تھا کہ اس وقت (ن) لیگ کروڑوں روپے خرچ کرکے اس حلقہ میں اپنی کامیابی کے لئے فرضی سروے کرواکر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں اس طرح کے جعلی اور فرضی سروے کرواکر کوئی الیکشن نہیں جیت سکتا اس کے لئے عوام کی حقیقی خدمت کرنی پڑے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد قومی سیاسی جماعت ہے جس کی تاریخ قربانیوں کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے۔ شہادتیں اس بات کی گواہ ہیں کہ ہم نے عوام کے لئے جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے۔ کل این اے 120 کے ووٹرز جوق در جوق گھروں سے نکلیں اور تیر پر نشان لگا کر بینظیر بھٹو کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کریں۔ پیپلز پارٹی کے ادوار حکومت میں جتنے بھی بڑے بڑے کارنامے انجام دئیے گئے وہ عوام دوستی کا واضح ثبوت ہیں، عوام نے پیپلز پارٹی کو جب بھی موقع دیا ہم نے عوامی خدمت کی ،بیشمار مثالیں قائم کیں۔


حلقہ این اے 120سے جماعت اسلامی کے نامزدا مید وار ضیاء الدین انصاری نے کہا ہے کہ این اے 120کے لوگ چوروں اور بددیانت سیاستدانوں کو اپنے ضمیر کے ووٹ پر ڈاکے نہیں ڈالنے دیں گے۔ گذشتہ روز انتخابی مہم ختم کرنے سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں حلقہ این اے 120کے علاقے ریواز گارڈن میں انہوں نے کہا کہ اس حلقے کی عوام کے مسائل کسی بھی ادوار میں حل نہیں ہو سکے اور اس بار عوام حلقہ کی تعمیر و ترقی اور اپنی نسل نو کے اچھے مستقبل کیلئے ایماندار اور صالح قیادت کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ اللہ تعالیٰ نے کامیابی سے نوازا تو حلقے کی عوام کیلئے ریکارڈ ترقی کاموں کر کے حلقہ کو مثالی بنائیں گے ۔ اس بار عوام اپنے ساتھ جھوٹے دعووں اور وعدوں کی سیاست کرنے والے کرپٹ سیاستدانوں کو بری طرح مسترد کریں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے نظام کی تبدیلی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کی کرپشن سے پاک اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھنی والی جماعت کا ساتھ دیتے ہوئے ترازو کے نشان پر ووٹ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے اس ضمنی الیکشن میں بھی صادق اور امین قیادت متعارف کروائی ہے، ترازو پر نشان لگانا کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کی طرف مثبت قدم ہوگا۔



مزید :

ایڈیشن 1 -