مسائل کے حل کے لئے عوام اٹھ کھڑے ہوں، ساجدہ میر
پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کی امیدوار ساجدہ میر کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ نے لاہور کا ضمنی انتخاب جیتنے کیلئے قومی خزانے سے بوریوں کے منہ کھول دئیے ہیں۔ عوام کو اب اٹھ کھڑا ہونا ہوگا بصورت دیگر دو فیصد اشرافیہ لوٹ مار کی دولت اور اقتدار کی طاقت سے مزید کئی دہائیاں مسلط رہے گا۔ عوام نے 17ستمبر کو اپنے سیاسی شعور کا مظاہرہ کرنا ہے ۔ میں واضح کہتی ہوں کہ ووٹرز تمام امیدواروں کے کردار کا جائزہ لے کر اپنے ووٹ کااستعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران لیگ ووٹروں کو لالچ دے کر خرید نہیں سکے گی بلکہ عوام ان کا کڑا احتساب کریں گے ۔ ہم نے محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور بھٹو لورز کے لئے وہ خدمات انجام دیں آج تک کسی اور کے حصے میں نہیں آئیں۔ این اے 120 کے عوام کو چاہئے کہ وہ پیپلز پارٹی ورکرز کا ساتھ دیں جو بھٹو ازم کے اصل وارث ہیں۔