آبی تنازعہ : واشنگٹن میں پاک بھارت 2روزہ مذاکرات دوبارہ شروع

آبی تنازعہ : واشنگٹن میں پاک بھارت 2روزہ مذاکرات دوبارہ شروع

  

واشنگٹن (آن لائن) پاکستان اور ہندوستان میں آبی تنازع پر دو روزہ مذاکرات امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں دوبارہ شروع ہو گئے۔مذاکرات کے پہلے دن کے اختتام پر دونوں ممالک کے وفود نے اچھے خیالات کے اظہار کے ساتھ مذاکرات کی تکمیل کی۔وفود کی سطح پر مذاکرات عالمی بینک کے ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے، مذاکرات 1960 کے پانی کی تقسیم کے سندھ طاس معاہدے (انڈس واٹر ٹریٹی)کے تحت ہو رہے ہیں جس میں عالمی بینک ثالث ہے۔ بھارت کے سیکریٹری برائے آبی ذخائر امرجیت سنگھ نئی دہلی کے وفد کی سربراہی کر رہے ہیں، اس وفد کے دیگر ارکان میں وزارت خارجہ، توانائی، انڈس واٹر کمیشن اور مرکزی کمیشن برائے آب کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ان کا یہ بھی بتانا تھا کہ دوسرے رانڈ میں کنشن گنگا اور راتلے پاور پروجیکٹس کے معاملات تیکنیکی بنیادوں پر زیر بحث آئیں گے۔پاکستان کے وفد کی قیادت سیکریٹری واٹر ریسورس ڈویژن عارف احمد کر رہے ہیں، جبکہ سیکریٹری برائے وزارت پانی و بجلی یوسف نعیم کھوکھر، انڈس واٹر ٹریٹی کے لیے ہائی کمشنر مرزا آصف بیگ اور جوائنٹ سیکریٹری پانی سید مہر علی شاہ بھی وفد کا حصہ ہیں۔قبل ازیں دونوں ممالک میں یکم اگست کو مذاکرات کا دور ہوا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے وفد اپنے اپنے ممالک کے دارالحکومتوں کو لوٹ گئے تھے اور اپنی حکومتوں سے اس معاملے پر مزید مشاورت کی تاکہ آئندہ ہونے والے راونڈ میں اس کو زیر بحث لایا جا سکے۔

مزید :

صفحہ آخر -