دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں: ایاز صادق
اسلا م آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے دونوں ممالک مذہب،تاریخ اور ثقافت کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہیں ۔ پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیرمناف سعید احمد المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے ناسور نے خطے کی تر قی کوبری طرح متاثر کیا ہے اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ دنیابھر میں مسلمان ظلم کا شکار ہیں اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ مسلم ممالک ایک دوسرے کے بارے میں مثبت سوچ اپنائیں ۔ مسلم ممالک میں عدم استحکام ،فرقہ وارانہ تقسیم اور پسماندگی مسلم دنیا کی حقیقی تر قی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں ۔انہوں نے مسلم دنیا میں تنازعات کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ان کی حکومت ترقی یافتہ پاکستان کی خواہاں ہے ۔انہوں نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلے اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔مناف سعید احمد المالکی نے ایاز صادق کی مشترکہ کوششوں کی تجویز کی تائید کی اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے قومی مفاد کو اپنا قومی مفاد سمجھتا ہے ۔انہوں نے سپیکر کو خطے کی تر قی کے لیے سعودی عرب کا پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہنے کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب علاقائی اور عالمی چیلنجوں کے حل کیلئے پاکستان کو اپناشر اکت دار تصور کرتا ہے ۔
ایاز صادق