کرکٹ کی فتح ، دہشتگردی کو شکست ، ورلڈ الیون تیرا شکریہ ، پاکستان نے آزادی کپ جیت لیا ، شاہد آفریدی مصباح الحق الوداع
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آزادی کپ کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں جاری آزادی کپ کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ جو کہ دونوں مد مقابل ٹیموں کے مابین ایک ایک میچ جیتنے کے بعد فائنل کا درجہ اختیار کر گیا تھا کھیلا گیا جس میں مہمان ورلڈ الیون نے ٹاس جیت کر میزبان پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جس نے چار وکٹوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں مد مقابل ورلڈ الیون کو 185رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں ورلڈ الیون مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر150 رنز بناسکی ،جس کے نتیجہ میں پاکستان کے دو ایک سے سیریز اپنے نام کر لی ۔ورلڈ الیون کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگ کا آغاز تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے کیا اور دوسرے ہی اوور میں نوجوان فاسٹ بولر عثمان خان نے تمیم اقبال کو 14 رنز پر بولڈ کردیا۔فاسٹ بولر حسن نے 41 کے مجموعی اسکور بین کٹنگ کو بولڈ کیا جبکہ اگلی ہی گیند پر ہاشم آملہ بھی 21 رنز بناکر رن آ ؤ ٹ ہوئے۔ ورلڈ الیون کی چوتھی وکٹ جارج بیلی کی گری جو 5 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ 67 کے مجموعی رنز پر کپتان فا ف ڈوپلیسی 13 رنز بناکر شاداب کی بہترین تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ورلڈ الیون کے تھیسارا پریرا طوفانی اننگ کھیلتے ہوئے 2 چوکوں، 3 چھکو ں کی مدد سے 32 رنز بناکر رومان رئیس کا شکار بنے۔ڈیوڈ ملر 32 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ دے کر چلتے بنے اور مورنی مورکل بھی 139 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔میچ میں وقفے کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اور مصباح الحق نے علیحدہ علیحدہ رکشوں پر گراؤنڈ کا چکر لگایا اور مداحوں کے پر جوش نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔اس سے قبل ورلڈ الیون نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور قومی ٹیم کی جانب سے اننگ کا آغاز بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنیوالے جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے احمد شہزاد نے محتاط انداز میں کیا اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بناکر اچھا آغاز فراہم کیا۔اوپنر فخر زمان 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔احمد شہزاد اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ پر محتاط انداز میں بیٹنگ کرکے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں نے 102 رنز کی شراکت قائم کی تاہم احمد شہزاد 55 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 89 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے اور 11 رنز کی کمی کی بدولت ٹی ٹوئنٹی میں کیرئیر کی دوسری سنچری کرنے سے محروم رہے۔جارح مزاج بابر اعظم 48 رنز بناکر تھیسارا پریرا کی گیند پر فاف ڈوپلیسی کو کیچ دے بیٹھے جبکہ عماد وسیم کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔شعیب ملک نے 7 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ٹاس کے موقع پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا ذہن میں ہے 170 سے 180 رنز ا سکو ر کریں، کو شش ہوگی کہ دوسرے میچ میں جو غلطیاں کیں ان کو نہ دہرائیں۔سرفراز نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا سیریز میں مزہ آرہا ہے۔
آزادی کپ