پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،سردارایازصادق

پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،سردارایازصادق

  

اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی Aعرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک مذہب،تاریخ اور ثقافت کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے کیونکہ یہ خطے کی خوشحالی اور تر قی کے لیے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے ناسور نے خطے کی تر قی کوبری طرح متاثر کیا ہے اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیابھر میں مسلمان ظلم وبربریت کا شکار ہیں اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ مسلم ممالک ایک دوسرے کے بارے میں مثبت سوچ اپنائیں ۔سردار ایاز صادق نے کہاکہ مسلم ممالک میں عدم استحکام ،فرقہ وارانہ تقسیم اور پسماندگی مسلم دنیا کی حقیقی تر قی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں ۔انہوں نے مسلم دنیا میں تنازعات کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی نے کہا کہ ان کی حکومت ترقی یافتہ پاکستان کی خواہاں ہے ۔انہوں نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلے اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ نواف سعید احمد المالکی نے سپیکر سردار ایاز صادق کی مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دوست ممالک کے مابین قریبی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی تجویز کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے قومی مفاد کو اپنا قومی مفاد سمجھتا ہے ۔انہوں نے سپیکر کو خطے کی تر قی کے لیے سعودی عرب کا پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہنے کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب علاقائی اور عالمی چیلنجوں کے حل کیلئے پاکستان کو اپناشر اکت دار تصور کرتا ہے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -